مودی طالبان گٹھ جوڑ ، افغانستان کی بھارت کوسرمایہ کاری کی پیشکش

اسلام آباد:مودی طالبان گٹھ جوڑ افغان عوام کی معاشی بربادی کا نیا باب بن گیاہے،انتہا پسند مودی کی کٹھ پتلی طالبان حکومت افغان وسائل بغیر ٹیکس کے بھارتی کمپنیوں کے حوالے کرنے پر تلی ہوئی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق موقع پرست بھارت افغانستان کی کمزور معاشی حالت کا فائدہ اٹھا کر قدرتی وسائل پر قبضہ کرنے کو تیارہے۔اس حوالے سے افغان وزیر صنعت و تجارت الحاج نورالدین عزیزی نے کہا ہے کہ افغانستان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کیلئے بھارتی کمپنیوں کو خصوصی مراعات دینے کے لیے تیار ہے،بھارت کو ٹیرف سپورٹ کے ساتھ ساتھ زمین بھی فراہم کی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ نئی سرمایہ کاری کرنے والی کمپنیوں کو پانچ سال کی ٹیکس چھوٹ دی جائے گی۔واضح رہے کہ بھارت کو ٹیکس فری مراعات کی پیشکش کی جارہی ہے کہ جبکہ افغان عوام غربت ،بھوک، مہنگائی اور بے روزگاری کا شکار ہے،بدحال افغانستان نے بھارتی سرمایہ کاروں کو ٹیکس چھوٹ دے کر کمزور معیشت کو مزید خطرے میں ڈال دیا ہے۔







