پاکستان

کشمیری تنازعہ کشمیر کا اپنی خواہشات کے منافی حل ہرگز قبول نہیں کریں گے، ڈاکٹر فائی

لاہور : ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس “کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ عالمی طاقتیں تنازعہ کشمیر کا کوئی حل مسلط کرنے کا کوئی اختیار نہیں رکھتیں بلکہ انکا فرض ہے کہ وہ اس مسئلے کے کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق منصفانہ حل میں مدد فراہم کریں ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈاکٹر غلام نبی فائی نے ان خیالات کا ا ظہار جماعت اسلامی پاکستان کے زیر اہتمام لاہور کے ایک مقامی ہوٹل میں منعقدہ ایک کانفرنس سے خطاب کے دوران کیا۔ کانفرنس میں42 ممالک سے 160 سے زائد مندوبین نے شرکت کی۔
ڈاکٹر فائی نے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگ پہلے ہی بھارت، پاکستان اور عالمی برادری کو بتا چکے ہیں کہ ان کی خواہشات کے خلاف مسلط کیا گیا کوئی حل کبھی بھی قابل قبول نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ حتمی تصفیہ کا تعین حق خود ارادیت کے استعمال کے ذریعے کیا جانا چاہیے جیسا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت ضمانت دی گئی ہے۔ ڈاکٹر فائی نے کہا کہ اگرچہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں کئی دہائیوں قبل منظور کی گئی تھیں، لیکن ان کی اہمیت و افادیت کم نہیں ہوئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بامعنی حل کی طرف بڑھنے کے لیے اعتماد سازی کے اقدامات ضروری ہیں جس میں مسرت عالم بٹ، شبیر احمد شاہ، محمدیاسین ملک ، آسیہ اندرابی اور دیگر رہنماﺅں کی فوری رہائی وغیرہ شامل ہیں۔
جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے اپنے افتتاحی خطاب میں کہا کہ دنیا کشمیر پر بھارت کے فوجی قبضے سے لاتعلق بنی ہوئی ہے جو افسوسناک ہے ۔ انہوں نے کہا کہ 10 لاکھ سے زائد بھارتی فورسز اہلکار کشمیریوں کے بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں جاری رکھے ہوئے ہے لیکن عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔
کانفرنس میں منظور کیے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ کشمیر کا تنازعہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے ذریعے بین الاقوامی قانون میں موجود ہے۔ سات دہائیوں سے زیادہ عرصے سے کشمیریوں اور فلسطینیوں کے حق خود ارادیت سے انکار نے جنوبی ایشیاءاور مشرق وسطیٰ کو ممکنہ جوہری تصادم کے دہانے پر دھکیل دیا ہے ، دونوں تنازعات کا پرامن حل عالمی استحکام کے لیے ضروری ہے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button