بھارت سے مزید تاخیر کئے بغیر جموں وکشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرنے کا مطالبہ

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں نیشنل کانفرنس خواتین ونگ کی صدر اور رکن اسمبلی شمیمہ فردوس نے بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی ریاستی حیثیت بحال کرے کیونکہ مزید تاخیر کا کوئی جواز نہیں ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق شمیمہ فردوس نے ایک بیان میں کہا کہ ریاستی حیثیت کی بحالی کشمیری عوام کا ایک جائز جمہوری حق ہے اور آئینی اور سیاسی فورمز پر بارہا اس کا وعدہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ طویل غیر یقینی صورتحال نے عوامی غم وغصے کو بڑھا دیا اور جمہوری اداروں پر اعتماد کو ختم کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاستی حیثیت کو مزید روکنے کی کوئی وجہ نہیں جسکا پہلے سے وعدہ کیاگیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ جوابدہ حکمرانی، جمہوری اداروں کی مضبوطی اور عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے ریاستی حیثیت کی بحالی ضروری ہے۔این سی خواتین ونگ کی صدر نے کہا کہ منتخب نمائندوں کو علاقے کو درپیش سماجی، معاشی اور ترقیاتی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے موثر طریقے سے کام کرنے کا اختیار دیا جانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے وقار، حقوق اور شناخت کے تحفظ کے لیے ریاست کا درجہ بہت ضروری ہے۔






