مقبوضہ جموں وکشمیر: صحافی سجاد گل کو بھارت مخالف مظاہرے کی ویڈیو پوسٹ کرنے پر گرفتارکر لیا گیا
سرینگر08جنوری(کے ایم ایس ) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی پولیس نے ایک کشمیری صحافی کو سرینگر میں محاصرے اور تلاشی کی ایک کارروائی کے دوران اپنے ایک عزیز کی شہادت کے بعد اپنے اہلخانہ اور رشتہ داروں کی طرف سے بھارت مخالف مظاہرے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کرنے کی پاداش میں گرفتار کر لیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سجاد گل نامی صحافی جوحال ہی میں ”دی کشمیر والا “ کے ساتھ بطور ٹرینی رپورٹر منسلک ہوئے ہیں نے سلیم پرے کی شہادت پر احتجاج کی ویڈیو پوسٹ کی تھی۔ بھارتی فوجیوںنے سلیم پرے کو 3 جنوری کو سرینگر کے علاقے ہاروان میں تلاشی آپریشن کے دوران شہید کیا تھا۔ بھارتی فوجیوں نے سجاد گل کو پانچ جنوری کو ایک چھاپے کے دوران حراست میں لینے کے بعد پولیس کے حوالے کر دیا ۔ بھارتی پولیس کے ایک افسر نے سجاس گل کی گرفتاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔