پاکستان

بابائے قوم کا یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت و احترام ، ملی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے

مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب

اسلام آباد: بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ؒ کا 149 واں یوم پیدائش آج انتہائی عقیدت و احترام اور ملی جوش و خروش سے منایا جارہا ہے ۔ اس موقع پر آج ملک بھر میں عام تعطیل ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بانی پاکستان کے یوم پیدائش کے موقع پر مزار قائد پر گارڈز کی تبدیلی کی پروقار تقریب ہوئی جس کے مہمان خصوصی میجر جنرل افتخار حسین چوہدری(ہلال امتیاز) تھے، پاک فوج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے مزار قائد پر سلامی دی گئی جب کہ پاک فوج کے کیڈٹس نے مزار قائد پر گارڈز کے فرائض سنبھال لیے۔
بانی پاکستان کے یوم پیدائش پر آج دن بھر سرکاری اور غیر سرکاری سطح پر تقاریب منعقد ہوں گی جن میں بابائے قوم کی مسلمانان برصغیر اور پاکستان کے قیام کیلئے کی جانے والی انتھک اور ناقابل فراموش خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا۔
قائد اعظم محمد علی جناح 25 دسمبر 1876 کو کراچی میں پیدا ہوئے تھے، وہ پیشے کے اعتبار سے وکیل تھے۔
انہوں نے اپنی قائدانہ صلاحیتوں سے ایک آزاد ریاست کا خواب حقیقت میں بدلا، ایمان، اتحاد، اور تنظیم پر مبنی اصول قائد کی زندگی کا نچوڑ ہیں، بابائے قوم نے اپنے کردار اور عمل سے پوری دنیا کو دکھایا کہ ایک سچی اور دیانت دار قیادت کیا کر سکتی ہے۔
کانگریسی رہنماﺅں نہرو،پٹیل اورگاندھی کی سازشوں کے باوجود قائداعظم نے قوم کو پاکستان کی منزل سے ہمکنار کیا۔ قائداعظم کا خواب ایک ایسا پاکستان تھا جہاں ہر فرد کو مساوی حقوق اور آزادی حاصل ہو۔
قائداعظم محمدعلی جناح دنیا کی چند ان شخصیات میں شامل ہیں جنہوں نے تاریخ کا دھارا موڑ دیا اور دو قومی نظریے کی بنیاد پر مسلمانوں کو علیحدہ وطن دلایا۔ مسلمانوں پر ان کا یہ عظیم احسان کبھی نہیں بھلایا جاسکتا۔
وزیراعظم شہبازشریف نے بابائے قوم کے یوم پیدائش پر اپنے پیغام میں کہا کہ قائداعظم نے بلاتفریق رنگ ونسل، مذہبی ہم آہنگی، معاشرتی رواداری اور انصاف جیسےرہنما اصولوں کا درس دیا۔افواج پاکستان، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈمارشل عاصم منیر نے بھی بابائے قوم کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
افواج پاکستان نے قائدِ اعظم کے مضبوط، خودمختار، جمہوری اور خوشحال پاکستان کے وژن سے اپنی غیر متزلزل وابستگی اور قومی استحکام، امن اور ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button