بھارت جابرانہ کارروائیوں سے کشمیریوں کو ہرگز مرعوب نہیں کرسکتا، حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ
ڈاکٹر فائی کی جائیداد کی ضبطی کی مذمت

اسلام آباد : کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے امریکہ میں مقیم تحریکِ آزادی کشمیر کے معروف رہنما ڈاکٹر غلام نبی فائی سمیت دیگر کشمیریوں کی املاک کی ضبطی کی شدید مذمت کی ہے۔حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے اس بھارتی اقدام کو سیاسی انتقام، جبر و تشدد کی پالیسی اور بین الاقوامی قوانین کی صریح خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اس طرح کی جابرانہ کارروائیوں سے آزادی پسند کشمیریوں کو کبھی مرعوب نہیں کر سکتا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے کنوینر غلام محمد صفی نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ ڈاکٹر غلام نبی فائی کشمیر کے عظیم فرزند ہیں جنہوں نے طویل عرصے سے بلا خوف و خطر عالمی فورمز پر مسئلہ کشمیر کی وکالت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر فائی کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کے مضبوط، اصولی اور مستقل حامی ہیں اور ان کی آواز کو دبانے کے لیے کی جانے والی ہر کوشش درحقیقت سچ کو دبانے کی ناکام کوشش ہے۔
غلام محمد صفی نے واضح کیا بھارت کی طرف سے بیرون ممالک مقیم کشمیریوں کی جائیدادوں کی ضبطی بھارتی ریاستی دہشت گردی کا حصہ ہے۔ ایسے ہتھکنڈوں کا مقصد عالمی سطح پر کشمیر کی آواز کو خاموش کرانا ہے، مگر تاریخ شاہد ہے کہ ظلم جتنا بڑھتا ہے، مزاحمت اتنی ہی مضبوط ہوتی ہے۔
بیان میں عالمی برادری، بالخصوص انسانی حقوق کے اداروںزور دیا گیا کہ وہ نہتے کشمیریوں کیخلاف جاری جابرانہ بھارتی کارروائیوں کا فوری نوٹس لیں۔








