مقبوضہ کشمیر: ضلع کٹھوعہ میں تلاشی آپریشن جاری، گھروں پر چھاپوں کے دوران 22نوجوان گرفتار

جموں : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں بھارتی فورسز کیطرف سے ضلع کٹھوعہ میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل آپریشنز گروپ نے بدھ کو ضلع کٹھوعہ میں بلاور کے علاقوں کہوگ اور دھنو پیرول کماد میں آپریشن شروع کیا تھا اور یہ آ ج بھی جاری ہے۔غیر مصدقہ رپورٹس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے پرتشدد کارروائی کے دوران ایک نوجوان کو شہید کر دیا جبکہ ایک بھارتی فوجی بھی ٹانگ میں گولی لگنے سے زخمی ہوا۔
دریں اثنا، ہندوستانی فوج، بارڈر سیکورٹی فورس، سینٹرل ریزرو پولیس فورس اور اسپیشل آپریشن گروپ کے اہلکار سانبہ، راجوری، پونچھ اور کٹھوعہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں مسلسل تلاشی کی کارروائیاں کر رہے ہیں ۔ ان علاقوںمیں تلاشی آپریشن26 جنوری کو بھارتی یوم جمہوریہ کے سلسلے میںکیے جانے والے نام نہاد حفاظتی اقدامات کے سلسلے میں شروع کیا گیا ہے۔ یوم جمہوریہ سے پہلے بی ایس ایف، سرحدی پولیس اور ولیج ڈیفنس گارڈز پر مشتمل ایک کثیر سطحی سیکورٹی گرڈ کو ہائی الرٹ پر رکھا گیا ہے۔اس دوران، کانٹر انٹیلی جنس اہلکاروں نے نیم فوجی اہلکاروں کے ساتھ گھروں پر چھاپوں اور تلاشی کی کارروائیوں کے دوران 22 نوجوانوں کو گرفتار کیااور ان سے پوچھ گچھ کی۔







