مقبوضہ کشمیر:میڈیکل کالجز کے غیرجریدہ ملازمین نے اپنی ہڑتال میں 72گھنٹے کی توسیع کردی
ہسپتالوں میں''اوپی ڈی'' خدمات مفلوج ، مریض مشکلات کا شکار
سرینگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں گورنمنٹ میڈیکل کالجز کے غیر جریدہ ملازمین کی ہڑتال آج مسلسل چوتھے روز بھی جاری ہے ۔ ملازمین نے احتجاج میں مزید 72 گھنٹوں کی توسیع کر دی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق،اس احتجاج کی وجہ سے ہسپتالوں میں او پی ڈی خدمات مفلوج ہو کر رہ گئی ہیں، جس کے نتیجے میں مقبوضہ علاقے کے مختلف ہسپتالوں میں مریض شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بیمار افراد کو طبی امداد کی تلاش میں ایک کانٹر سے دوسرے کانٹر اور ہسپتال کے احاطے میں بھٹکتے ہوئے دیکھا گیا۔
دریں اثنا، جی ایم سی سرکاری میڈیکل کالج راجوری کے پرنسپل ڈاکٹر اے ایس بھاٹیہ، میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر شمیم احمد، ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر جاوید اقبال اور چیف اکانٹس آفیسر لیاقت محمود نے مسئلے کے حل کے لیے احتجاجی ملازمین کے ساتھ ایک اجلاس کیا۔انہوں نے ملازمین نے ملازمین کو ہڑتال ختم کرنے اور مریضوں اور عوام کے وسیع تر مفاد میں دوبارہ اپنے فرائض سنبھالنے پر آمادہ کرنے کی ہر ممکن کوشش کی۔ تاہم، احتجاجی ملازمین اپنے موقف پر ڈٹے رہے اور احتجاج واپس لینے سے انکار کر دیا۔ملازمین نے ہڑتال میں مزید 72 گھنٹوں کی توسیع بھی کر دی ہے جو آج نومبرسے نافذ العمل ہوگی۔
ملازمین نے یہ بھی فیصلہ کیا کہ وہ تمام نان گزیٹڈ عملہ جو اب تک آئی پی ڈی وارڈز، نائٹ شفٹس، ایمرجنسی سروسز،اور آپریشن تھیٹر زمیں اپنے فرائض انجام دے رہا تھا، وہ بھی 19 نومبر سے ہڑتال میں شامل ہو جائے گا۔ ملازمین کا کہنا ہے کہ وہ کام کرنا چاہتے ہیں، احتجاج نہیں ،ہم نہیں چاہتے کہ ہماری وجہ سے مریضوں کی دیکھ بھال متاثر ہو۔ ہمارا فوری مطالبہ صرف بھرتی کے قواعد کی اشاعت تک محدود ہے۔
دریں اثنا غیرجریدہ ایمپلائز ایسوسی ایشن بارہمولہ کے صدر ڈاکٹر سریر احمد میر نے کہا کہ ایسوسی ایشن نے پہلے حکام کے مثبت جواب کی امید میں اپنا احتجاج موخر کر دیا تھا لیکن مسئلہ حل نہ ہونے کے بعد دوبارہ احتجاج شروع کر دیا ہے۔احتجاج کرنے والے ملازمین کا بنیادی مطالبہ سروس ریکروٹمنٹ رولز کی جلد از جلد حتمی شکل اور باضابطہ نوٹیفکیشن ہے، جو سات سال سے زائد عرصے سے زیر التوا ہیں، جس سے ملازمین کو ان کی سروس کی شرائط، کیریئر میں ترقی اور پروموشن کے مواقع کے حوالے سے غیر یقینی صورتحال کا سامنا ہے۔وہ بروقت ترقیوں اور طویل عرصے سے زیر التوا تنخواہوں کی بے ضابطگیوں کے ازالے کے لیے باقاعدہ محکمانہ پروموشن کمیٹی (ڈی پی سی )کے اجلاسوں کے فوری آغاز کا بھی مطالبہ کر رہے ہیں۔







