الیکشن کمیشن مسلم رائے دھندگان کوخاص طور پر نشانہ بنارہا ہے ، وزیر اعلیٰ مغربی بنگال

کولکتہ:بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن دانستہ طور پر اقلیتی برادریوں کے رائے دھندگان کو نشانہ بنا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کے مسلم اکثریتی ضلع مالدہ میں تقریبا 90ہزار رائے دھندگان کے نام حتمی فہرست سے کٹنے والے ہیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممتا بنر جی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگوکرتے ہوئے کہا کہ اقلیتی فرقے کے لوگوں کی شکایات بجا ہیں۔ مسلم کمیونٹی کے ووٹرس کو خاص طورپر نشانہ بنایاجا رہا ہے اور میں نے سنا ہے کہ ضلع مالدہ میں بھی90ہزا ر ووٹرس کے نام کاٹنے پر غور کیا جا رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ اقلیتی برادری کے رائے دھندگان کے علاوہ پسماندہ برادریوں کے لوگوں کی بھی نشانہ بنایا جا رہا ہے ، الیکشن کمیشن امرتیہ سین اور شاعر گوسوامی جیسے ممتاز لوگوں کو بھی نہیں چھوڑ رہا ہے۔
انہوںنے مزید کہا کہ بی جے پی مغربی بنگال میں جا ن بوجھ کر تشدد پھیلانے کی کوشش کر رہی ہے ، وہ اس حوالے سے مرکزی ایجنسیوں کو استعمال کر رہی ہے ۔ ممتابنر جی نے کہا کہ بی جے پی کی زیر اقتدار ریاستوں میں موجود مغربی بنگال کے محنت کشوں کو قتل کیا جارہا ہے ،ترنمول کانگریس کی حکومت قتل ہونے والوں کے اہلخانہ کے شانہ بہ شانہ کھڑی ہے۔








