مہاراشٹرا :شیو سینا یو بی ٹی کے لیڈر پردیپ پورنیکر نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں قتل
نئی دہلی:بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے شہر ٹھانے میں شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے)کے ڈویژن چیف پردیپ پورنیکر کو مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ اور چاقو کے وار کرکے قتل کر دیا۔
یہ واقعہ شہر میں منپاڑا کے گنیش نگر علاقے میں آر مال کے قریب، کپور باوڑی پولیس اسٹیشن کی حدود میں پیش آیا۔ پولیس کے مطابق موٹر سائیکل پرسوار حملہ آوروں نے پورنیکر کے دفتر کے باہر ان پر فائرنگ کی اور بعد ازاں تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیا۔ گولیاں ان کے سینے میں لگیں۔شدید زخمی حاکلت میں پورنیکر کو فوری طور پرہسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔
ڈی سی پی پرشانت کدم کے مطابق پولیس نے ملزمان کی گرفتاری کے لیے نو خصوصی ٹیمیں تشکیل دی ہیں اور واقعے کی تفتیش جاری ہے۔ پولیس نے اب تک دو مشتبہ افراد کو حراست میں لیا ہے جبکہ ابتدائی طور پر واردات میں پانچ افراد کے ملوث ہونے کا شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔
پورنیکر کے قتل کے بعد منپاڑا اور منورما نگر سمیت مختلف علاقوں میں کشیدگی پھیل گئی اور بڑی تعداد میں پارٹی کارکن اور مقامی افرادنے جمع ہوکر احتجاج کیا ۔ مقتول کے رشتہ داروں اور حامیوں نے تمام ملزمان کی گرفتاری تک لاش وصول نہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔KMS-Y








