بنگلورو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر کوریائی خاتون سے مبینہ جنسی زیادتی
بنگلورو:
مودی کی بھارت میں خواتین خصوصا غیرملکی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی کے واقعات مسلسل جاری ہیں ۔ تازہ واقعے میں بنگلوروشہر کے کیمپی گوڑا انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ایک غیر ملکی کورین خاتون مسافر کو گرائونڈ اسٹاف کے اہلکار نے مبینہ طورپر جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق پیر 19جنوری کو پیش آنے والے واقعے کے بعد پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق متاثرہ خاتون نے پولیس میں درج شکایت میں بتایا ہے کہ وہ جنوبی کوریا جانے والی پرواز کے لیے امیگریشن مکمل کرنے کے بعد ٹرمینل کی طرف جا رہی تھیں، اسی دوران گرائونڈ اسٹاف کے ایک مرد اہلکار نے ان سے ٹکٹ طلب کیا۔خاتون کے مطابق اہلکار نے دعویٰ کیا کہ ان کے چیک اِن سامان میں مسئلہ ہے اور مزید جانچ کی ضرورت ہے۔ اس نے یہ بھی کہا کہ دوبارہ چیکنگ میں وقت لگ سکتا ہے اور اس دوران ان کی پرواز چھوٹنے کا خدشہ ہے، لہذا الگ جگہ پر جانچ کی جا سکتی ہے۔شکایت کے مطابق اہلکار خاتون کو مردوں کے واش روم کے قریب لے گیا جہاں اس نے اعتراض کے باوجود غیر اخلاقی حرکات کیں۔ مزاحمت پر اہلکار نے مبینہ طور پر خاتون کو گلے لگا کر شکریہ کہا اور وہاں سے چلا گیا۔متاثرہ خاتون نے واقعے کی فوری اطلاع ائیرپورٹ سکیورٹی کو دی، جس کے بعد ملزم کو حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس نے ائیرپورٹ کی سی سی ٹی وی فوٹیج کا جائزہ لیا، جس میں مبینہ طور پر ملزم کی قابل اعتراض حرکت کی تصدیق ہوئی۔ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔





