مقبوضہ جموں وکشمیر:آغا روح اللہ کی کشمیری ڈاکٹر کے گھر کی مسماری کی مذمت

سری نگر : بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا روح اللہ مہدی نے پلوامہ میں ایک کشمیری ڈاکٹر عمر نبی کے آبائی گھر کو مسمار کرنے کی شدید مذمت کی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ کے گاﺅں کوئیل میں کشمیری ڈاکٹر عمر نبی کے آبائی گھر کو دھماکہ خیز مواد سے تباہ کیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق عمر نبی نئی دلی میں ہونے والے حالیہ بم دھماکے میں جابحق ہو گئے ہیں ۔ بھارتی پولیس اور ایجنسیوں نے دعوی ٰ کیا ہے جس گاڑی میں دھماکہ ہوا تھا اس میں عمر نبی موجودتھے اور واقعے میں ان ہی کا ہاتھ ہے۔
آغا روح اللہ مہد ی نے”ایکس “ پر لکھا” ایک پورے خاندان کو بغیر ثبوت کے نئی دلی دھماکے سے جوڑنا انتہائی ظلم و ناانصافی ہے ۔ مسماری کی ظالمانہ کارروائیوں اور بلا جواز گرفتاریوںسے ہرگز امن نہیں آئے گا۔ شدید سردی میں ایک پورے خاندان کو بے گھر کرنا سراسر ظلم ہے ، گھر کو گرانے کا عمل محض اجتماعی مشکلات کا باعث بنے گا ،اس سے دہشت گردی کے حملے میں ضائع ہونے والی معصوم جانوں کو انصاف نہیںملے گا۔ اصل قصورواروں کو قانونی تحقیقات کے ذریعے جوابدہ ہونا چاہیے ۔“
روح اللہ مہدی نے دلی دھماکے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے بھارتی حکومت پر زور دیا کہ وہ واقعے کی شفاف تحقیقات کرے اور مکمل احتساب کو یقینی بنائے۔KMS-14/M






