غلام صفی کی طرف سے مزمل ٹھاکر کےخلاف کالے قانون کے تحت مقدمے کے اندراج کی مذمت
اسلام آباد 11 جنوری (کے ایم ایس)
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنماء غلام محمد صفی نے بھارت کی طرف سے سرینگر میں اپنے ایجنٹوں کے ذریعے برطانیہ میں مقیم کشمیری انسانی حقوق کے علمبردار محمد ایوب ٹھا کر کے خلاف غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام کے کالے قانون کے تحت مقدمے کے اندراج کو کشمیری عوام کے انسانی حقوق کی سنگین پامالی قراردیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق غلام محمد صفی نے اسلام آباد سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارت نے اپنے حق خودارادیت کے حصول کیلئے جدوجہد کرنے والے کشمیری عوام پر جاری بھارتی مظالم کو سوشل میڈیا پر بے نقاب کرنے پر ان کے خلاف مقدمہ درج کیاگیا ہے ۔انہوں نے کہاکہ مزمل ایوب ٹھاکر ورلڈ کشمیرفریڈم موومنٹ کے سربراہ ہیںاور وہ برطانیہ اور دیگر مغربی ممالک کے عوام میں مظلوم کشمیری عوام کے حق میں آواز بلند کرنے کیلئے کوششیں جاری رکھے ہوئے ہیں۔ غلام صفی نے کہاکہ بیرون ملک مسئلہ کشمیر سے جڑے تمام رہنماء اور تمام حریت پسند سیاسی جماعتوں نے بھارت کے اس غیر اخلاقی اقدام کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بھارت کی بوکھلاہٹ قراردیا ہے۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کے متوالوں کو قید و بند کی سختیوں سے نہ ماضی میں ڈرایا جاسکا ہے اور نہ اب یہ ہتھکنڈہ کارگر ثابت ہو گا۔انہوں نے کہاکہ مزمل ایوب ٹھاکر کے خلاف بھارت کے اس اقدام سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس کے پاس بولی کا جواب صرف گولی ہے۔