فاروق رحمانی کا بیرسٹر سلطان کے انتقال پر اظہار افسوس

اسلام آباد:
جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ کے چیئرمین اور کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں کشمیر شاخ کے سینئر رہنما محمد فاروق رحمانی نے آزاد جموں و کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چودھری کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محمد فاروق رحمانی نے اسلام آباد میںجاری ایک بیان میں سوگوار خاندان، حکومت آزاد جموں و کشمیر اور علاقے کے عوام کے نام اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ بیرسٹر سلطان محمود کی وفات ان کے خاندان اور آزاد جموں و کشمیر کے لیے ایک ناقابل تلافی نقصان ہے جس سے خطے کے سیاسی منظر نامے میں ایک اہم خلا پیدا ہو گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ مرحوم تنازعہ کشمیر کو بین الاقوامی فورموں پر اجاگر کرنے کے لیے آخری سانس متحرک اور پرعزم رہے اور کشمیریوں کے حق خودارادیت کے بارے میں سیاسی اور سفارتی آگاہی کو فروغ دینے کے لیے پورے یورپ، خاص طور پر برطانیہ میں بھرپور مہم چلائی۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیرسٹر سلطان کے انتقال کے بعد اب یہ ذمہ داری حکومتی اور پارٹی صفوں میں ان کے جانشینوں پر عائد ہوتی ہے کہ وہ دیرپا تنازعہ کے پرامن اور منصفانہ حل کے لیے کوششیں جاری رکھیں۔انہوں نے مرحوم کے درجات کی بلندی اور غمزدہ لواحقین کیلئیء صبر جمیل کی دعا کی۔








