راولپنڈی: پاسبانِ وطن ویلفیئر فاونڈیشن کے زیر اہتمام”یومِ یکجہتی کشمیر “کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد

راولپنڈی : ”یومِ یکجہتی کشمیر “کے سلسلے میں پاسبانِ وطن ویلفیئر فاو¿نڈیشن کے زیر اہتمام ایک پروقار تقریب منعقد ہوئی جس میں بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر کے مظلوم لوگوں کیساتھ بھر پور اظہارِ یکجہتی کیا گیا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق تقریب میں نئی دلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں غیر قانونی طور پر نظر بند جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ کے چیئرمین محمد یاسین ملک کی اہلیہ مشعال حسین ملک،فرینڈز آف کشمیر کے نائب صدر عبدالحمید لون، صدر پاسبانِ وطن شہزاد دلاور، جنرل سیکرٹری راجہ خالد منہاس، سینئر نائب صدور غلام علی خان، حکیم محمود سہارنپوری، سرپرست راجہ باسط مسکین، عبدرازق بھٹی، سردار نسیم انجم، سرپرست چوہدری مجید، ، نائب صدر چوہدری نیاز ، شاویز چوہدری، حسنین چوہدری سمیت دیگر سیاسی، سماجی رہنماوں اور کارکنان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
مقررین نے اس موقع پر کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ کئی دہائیوں سے بھارتی مظالم اور جبر کا سامنا کر رہے ہیں مگر ان کے حوصلے بلند ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم اپنے کشمیری بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی میں ان کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ہر سطح پر ان کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گی۔
مشعال حسین ملک نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیری عوام قربانیوں کی ایک طویل داستان رقم کر رہے ہیں اور عالمی برادری کو چاہیے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا نوٹس لے۔ انہوں نے کہا کہ یاسین ملک اور دیگر حریت رہنماو¿ں کو قید و بند کی صعوبتوں کا سامنا ہے مگر آزادی کی تحریک کو دبایا نہیں جا سکتا۔
عبدالحمید لون نے کہا کہ کشمیری عوام بھارتی جبر کے باوجود اپنے حق خودارادیت کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی عوام ہمیشہ کشمیریوں کے ساتھ کھڑی رہی ہے کیونکہ یہ مذہب ، تہذیب و تمدن کا رشتہ ہے۔ تقریب کے اختتام پر کشمیری شہداءاور جموں وکشمیر کی بھارتی تسلط سے جلد آزادی کیلئے خصوصی دعا بھی گئی۔






