چیئرمین پارلیمانی کشمیرکمیٹی رانا قاسم نون کی طرف سے کشمیر یوں کی غیر متزلزل حمایت کا اعادہ
اسلام آباد:
چیئرمین پارلیمانی کشمیر کمیٹی رانا قاسم نون نے کہاہے کہ پاکستان کشمیریوں کے ساتھ یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے اور اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق ان کے حق خودارادیت کی حمایت کرتا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رانا قاسم نون نے ڈی چوک اسلام آباد میں کشمیر ریلی کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پرکشمیر یوں کی سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھنے کا اعادہ کیا۔ انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی جاری خلاف ورزیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اس مسئلے کو حل کرے۔انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں اور بین الاقوامی اداروں پر زور دیا کہ کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق آزادانہ، غیر جانبدارانہ اور منصفانہ رائے شماری کے انعقاد کیلئے سہولت فراہم کریں۔انہوں نے 5 اگست 2019 کے بھارت کے یکطرفہ اقدامات کی شدید مذمت کی جب مودی حکومت نے دفعہ370اور 35Aکومنسوخ،مقبوضہ علاقے کو دویونین ٹیریٹریز میں تقسیم ، قابض فوجیوںکی تعداد میں اضافہ، شہری آزادیوں اور میڈیا پرقدغن اوربڑی تعداد میں حریت قیادت اور عام نوجوانوں کو قید کر دیاتھا۔انہوں نے نظربند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی فوری رہائی اور خطے کی سابقہ خصوصی آئینی حیثیت کو بحال کرنے کا بھی مطالبہ کیا۔پارلیمانی سیکرٹری برائے امور کشمیر چوہدری انوار الحق نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں اور اقوام متحدہ کے اداروں پر زور دیا کہ وہ اس مسئلے کے حل کے لیے مزید فعال کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی فورمز پر مسلسل اجاگر کر رہاہے ۔








