میرواعظ عمرفاروق کی طرف سے حضرت شاہ ہمدان کو انکے یوم وصال پر شاندر خراج
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میرواعظ عمرفاروق نے حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانی کو ان کے یوم وصال پر شاندر خراج عقیدت پیش کیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں حضرت امیر کبیر میر سید علی ہمدانی عظیم المرتبت ولی کامل، داعی اسلام، مصلح قوم اور مربی ملت قراردیتے ہوئے کہاکہ وہ کشمیر میں روحانی، دینی اور معاشی انقلاب کے بانی تھے۔انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدان س وقت وادی کشمیر تشریف لائے جب یہاں گمراہی، شرک اور الحاد کا غلبہ تھا۔ اگرچہ اسلام کی بنیاد حضرت بلبل شاہ نے پہلے ہی رکھ دی تھی، لیکن حضرت امیر کبیراور ان کے رفقائے کار کی بے لوث جدوجہد سے اسلام کو استحکام ملا اور یہ پورے خطے میں راسخ ہوگیا۔انہوں نے کہا کہ حضرت شاہ ہمدان نہ صرف دین حق کے مبلغ اور اصلاح کار تھے بلکہ ایک صاحبِ بصیرت مفکر بھی تھے جنہوں نے اہل کشمیر کو ہنر و دستکاری سکھا کر معاشی خودکفالت کی راہ دکھائی اور روزگار کے مواقع پیدا کیے۔میرواعظ نے حضرت شاہ ہمدان کو کشمیری قوم کا حقیقی محسن قرار دیتے ہوئے کہا کہ آج کے پرآشوب دور میں بھی ان کی تعلیمات جو قرآن و سنت پر مبنی ہیں، ہمارے لیے مشعل راہ ہیں اور تاقیامت روحانی رہنمائی فراہم کرتی رہیں گی۔




