کینیڈا: بھارتی نژاد خاتون نینسی گریوال کو چھرا گھونپ کر قتل کردیا گیا

اوٹاوا:کینیڈا میں ایک بھارتی نژاد خاتون نینسی گریوال کو چھرا گھونپ کر قتل کردیا گیا ہے۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی پنجاب سے تعلق رکھنے والی 45سالہ سوشل میڈیا ورکر نینسی کی والدہ نے جالندھر میں انکشاف کیا ہے کہ انکی بیٹی کو متعدد مرتبہ جان سے مارنے کی دھمکیاں ملی تھیں۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق نینسی کو اونٹاریو لاسل میں قتل کیا گیا۔ وہ پنجاب سے 2018 میں کینیڈا منتقل ہوئی تھی، وہاں اس نے نرسنگ کا کورس مکمل کیا اور ایک کمپنی میں کام کر رہی تھی۔پولیس نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اسے 3مارچ کی رات ساڑھے 9 بجے کے قریب خاتون کو چاکو مارنے کی اطلاع ملی جس پر ایمرجنسی سروس کے اہلکار فوراً جائے وقوعہ پر پہنچے جہاں ایک 45 سالہ خاتون زخمی حالت میں موجود تھی۔ اسے ہسپتال لے جایا گیا تاہم وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔پولیس نے مزید کہا کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہی ہے۔
نینسی سوشل میڈیا پر کافی متحرک رہتی تھیں اوراکثر پنجاب کے مختلف سماجی اور سیاسی مسائل پر اپنی رائے کا اظہار کرتی تھیں۔
نینسی کی والدہ شندرپال کور نے بھارت کے شہر جالندھر میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کی بیٹی پر چاقو سے کئی وار کیے گئے۔ انہوں نے کینیڈین حکام پر زور دیا کہ وہ قتل میں ملوث افراد کو پکڑ کر انہیں سخت سرا دیں ۔






