یوم یکجہتی کشمیر: انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد میں سیمینار کا انعقاد
اسلام آباد4فروری (کے ایم ایس) یوم یکجہتی کشمیر کے سلسلے میں انسٹی ٹیوٹ آف سٹریٹجک سٹڈیز اسلام آباد نے ”یوم یکجہتی کشمیر: حق خودارادیت کا تجدید عہد“ کے زیر عنوان ایک سیمینارکا انعقاد کیا جس میں انسانی حقوق اور خواتین کے بارے میں وزیر اعظم پاکستان کی سابق مشیر مشعال حسین ملک اور ترجمان وزارت خارجہ طاہر اندرابی نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دیگر معزز مہمانوں میں ایچ او ڈی پیس اینڈ کنفلیکٹ اسٹڈیزاین ڈی یو اسلام آبادڈاکٹر ماریہ سیف الدین آفندی اور کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنما شمیم شال شامل تھیں۔ چیئرمین بورڈ آف گورنرز آئی ایس ایس آئی سفیر خالد محمودنے شرکاءکا استقبال کرتے ہوئے یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالی اوراس کی سیاسی، قانونی اور انسانی جہتوں کو اجاگر کیا۔ انہوں نے حق خود ارادیت کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے اسے اقوام متحدہ کے تمام اعلامیوں، کنونشنوں اور جنرل اسمبلی کی قراردادوں کے تحت سب سے بنیادی حق قرار دیا۔ مشعال حسین ملک نے کہا کہ کشمیر محض کاغذی تنازعہ نہیں بلکہ یہ ایک ایٹمی فلیش پوائنٹ اور انسانی المیہ ہے۔ انہوں نے آسیہ اندرابی، مسرت عالم بٹ اوراپنے شوہر یاسین ملک اور لاتعداد دیگر قیدیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ کس طرح انہیں بنیادی انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے۔سفیر طاہر اندرابی نے کہاکہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادیں اس وقت تک لاگو رہیں گی جب تک ان کو تبدیل یا نافذ نہیں کیا جاتا۔ انڈیا سٹڈی سنٹر کے ڈائریکٹر ڈاکٹر خرم عباس نے یوم یکجہتی کشمیر کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے تنازعہ کشمیر کو حل کرنے کے لیے بین الاقوامی برادری کی خصوصی توجہ پر زور دیا۔ ڈاکٹر ماریہ آفندی نے تنازعہ کشمیر کی نوعیت اور ساختی تشدد کا ایک علمی تجزیہ پیش کیا جسے انہوں نے ”منظم نسل کشی“ قرار دیا۔شمیم شال نے اپنے خطاب میں کشمیری عوام بالخصوص خواتین کے غیر متزلزل عزم کو اجاگر کیا جو ایک طاقتور قابض ریاست کے خلاف ڈٹ گئیں۔ انہوں نے کشمیر کے ساتھ کھڑے ہونے پر پاکستان کا شکریہ اداکیا۔انڈیا اسٹڈی سینٹر نے تنازعہ جموں و کشمیر کے مختلف پہلوو¿ں پر مضمون نویسی کا مقابلہ منعقد کیا۔ تقریب کا اختتام تقریب تقسیم انعامات کے ساتھ ہوا جس میں مہمان خصوصی نے مضمون نویسی کے مقابلے جیتنے والوں کو انعامات سے نوازا۔ اس موقع پر آزاد جموں و کشمیرکے سابق صدر مرحوم بیرس©ٹرسلطان محمود چوہدری کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی اورتنازعہ جموں و کشمیر کے لیے ان کی خدمات کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔








