میر واعظ عمر فاروق کی رمضان المبارک کے آخری عشرے میں امت مسلمہ کیلئے دعائوں کی اپیل
سرینگر:
غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنمامیرواعظ عمر فاروق نے رمضان المبارک کے بابرکت عشرہ مغفرت کے سلسلے میں مسجدِ قدیم، لال بازار سرینگر میں ایک وعظ و تبلیغ کی مجلس سے خطاب کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے رمضان المبارک کے اختتامی ایام کی روحانی اہمیت کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن اللہ تعالی سے مغفرت طلب کرنے، اسی سے مانگنے ،دعائوں میں اضافہ کرنے اور گہرے روحانی غور و تفکر میں مصروف رہنے کے لیے مخصوص ہیں۔ انہوں نے اہلِ ایمان پر زور دیا کہ وہ اخلاص کے ساتھ دعا، توبہ و استغفار اور ذکر الہی کے ذریعے اللہ تعالی کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کریں۔میرواعظ نے واضح کیا کہ مسلم امہ بالخصوص مشرقِ وسطیٰ میں اس وقت ایک کٹھن اور آزمائش بھرے دور سے گزر رہی ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ عاجزی اور خلوص کے ساتھ اللہ تعالی کی بارگاہ میں رجوع کریں اور مصیبتوں اور تکالیف کا سامنا کرنے والے لوگوں کے لیے امن، راحت اور آسانی کی دعا کریں۔دعا کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک کے یہ بابرکت دن ایسے ہیں جن میں اہلِ ایمان کو اجتماعی طور پر امت مسلمہ کی بھلائی، اتحاد اور وقار کی بحالی کے لیے دعا کرنی چاہیے اور اللہ تعالی کی رحمت اور مغفرت طلب کرنی چاہیے۔








