جموں میں نوجوان کی پراسرار موت پر اہل خانہ کا احتجاج

جموں: غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پراسرار طور پر ہلاک ہونے والے نوجوان کے لواحقین اور رشتہ داروں نے جموں ضلع میں احتجاجی مظاہرہ کیا۔ مظاہرین نے پولیس کی بے عملی کو مورد الزام ٹھہراتے ہوئے ذمہ داروں کی گرفتاری اور سزا کا مطالبہ کیا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پلے کارڈز، بینرز اور مقتول نوجوان کرن کمار کی تصاویر اٹھائے مظاہرین نے جموں کے نواحی گائوں کلیانہ عینیہ کی سڑک پر احتجاج کیا اور انصاف کے لیے نعرے لگائے۔متاثرہ خاندان کے مطابق پولیس نے مقدمہ درج کر کے کچھ ملزمان کو گرفتار بھی کیا تھا مگر بعد ازاں انہیں چھوڑ دیا گیا ۔ مقتول کے والد نے کہا کہ ملزمان پولیس اہلکاروں کے ساتھ آزادانہ بات چیت کرتے نظر آئے۔احتجاج کے دوران علاقے میں ٹریفک کی نقل و حرکت متاثر رہی ۔ اہل خانہ نے قابض انتظامیہ سے قصورواروں کوجلد از جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے نوجوان کے قتل کے پس پردہ محرکات اور اسکے قاتل کی شناخت کا بھی مطالبہ کیا تاکہ قصورواروں کو گرفتار کر کے کڑی سزا دی جائے۔ اہل خانہ نے اعلی حکام پر شفاف تحقیقات اور فوری مداخلت پر بھی زوردیا۔







