بھارت کشمیریوں کو بڑے پیمانے پرانتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے ، حریت کانفرنس

سری نگر :کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ بھارت جبر و استبداد کے ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کے جذبہ آزادی کو دبانے میں بری طرح ناکام ہوچکا ہے لہذا وہ انہیں بڑے پیمانے پر انتقامی کارروائیوں کا نشانہ بنا رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارت ایک غاصب ہے جس نے کشمیریوں کی مرضی اور خواہشات کے منافی گزشتہ 78برس سے جموںوکشمیر پر قبضہ جما رکھا ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں بلکہ بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ ایک متنازعہ خطہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کبھی بھی آر ایس ایس کی حمایت یافتہ بی جے پی حکومت کو علاقے میں اپنا شیطانی ہندوتوا ایجنڈا مسلط کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت بے انتہا قتل و غارت، تشدد، بلا جواز گرفتاریوں، املاک کی مسماری اور ضبطی، کشمیری ملازمین کی برطرفی اور دیگر ہتھکنڈوں سے کشمیریوں کا جذبہ آزادی دبانے میں ناکام ہوچکا ہے ، وہ علاقے میں ایک ہاری ہوئی لڑائی لڑرہا ہے اور وہ دن دور نہیں جب وہ جموںوکشمیر سے نکلنے پر مجبور ہو گا۔
حریت کانفرنس کے ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں نے ثابت کر دیا ہے کہ ان کا جذبہ آزادی ناقابل تسخیر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کی طرف سے دکھائی گئی زبردست مزاحمت نے بھارت کو مایوس کر دیا ہے اور وہ اب ان پر مظالم کے پہاڑ توڑ رہا ہے۔ترجما ن نے اقوام متحدہ سے اپیل کی کہ وہ تنازعہ کشمیر کے حل میں اپنا کردار ادا کریں۔






