میر واعظ عمر فاروق کی فاروق عبداللہ پر حملے کی مذمت
جموں:
بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے نیشنل کانفرنس کے سربراہ ڈاکٹر فاروق عبداللہ قاتلانہ حملے کی شدیدمذمت کرتے ہوئے اسے تشویشناک قراردیاہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ ”جموں میں ایک تقریب کے دوران ڈاکٹر فاروق عبداللہ کی زندگی پر حملے کی خبر تشویشناک اور قابل مذمت ہے۔ یہ جان کر تسلی ہوئی کہ وہ حملے میں محفوظ رہے۔ انہوں نے اس واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی مسلح شخص ان کے اتنا قریب کیسے پہنچنے میں کامیاب ہوا جس نے ان پر گولی چلا ئی۔ اس حملے کی مکمل تحقیقات کی جانی چاہیں ۔
واضح رہے کہ آج جموں کے علاقے گریٹر کیلاش میں شادی کی ایک تقریب کے دوران ایک مسلح شخص نے فاروق عبداللہ کے قریب پہنچ کر ان پر فائرنگ کی تھی تاہم وہ حملے میں محفوظ رہے ۔ حملہ آور کی شناخت کمل سنگھ جموال کے طور پر ہوئی ہے جسے پستول سمیت گرفتار کر لیاگیا ۔ کمل سنگھ کو جموں کی عدالت میں پیش کیا گیا ۔ عدالت نے اسے پانچ روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا ہے۔




