بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے شبیر شاہ کی ضمانت انصاف کی فتح ہے ، ڈی ایف پی

سری نگر، :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں ڈیموکریٹک فریڈم پارٹی ( ڈی ایف پی) نے بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے ایک جھوٹے مقدمے میں پارٹی صدر شبیر احمد شاہ کی ضمانت کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس فیصلے کو سچائی اور انصاف کی فتح قرار دیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ڈی ایف پی کے ترجمان ایڈووکیٹ ارشد اقبال نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں جسٹس وکرم ناتھ اور سندیپ مہتا پر مشتمل بینچ کی طرف سے سنائے گئے حکم نامے پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ یہ فیصلہ اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ انصاف اب بھی باقی ہے۔
ترجمان نے کہااگرچہ شبیر شاہ ابھی تک جیل سے رہا نہیں ہوئے، لیکن امید کی ایک کرن پیدا ہوئی ہے کہ بالآخر دیگر بے بنیاد مقدمات میں بھی انہیں ضمانت ملے گی۔ترجمان نے کہا کہ شبیر احمد شاہ مسئلہ کشمیر کے پرامن حل کی وکالت کرتے رہے ہیں ، بھارتی سپریم کورٹ کا فیصلہ انصاف کی جانب ایک بڑا قدم ہے ۔ ترجمان نے امید کا اظہار کیا کہ عدالتیں دیگر کشمیری سیاسی قیدیوں کو بھی اسی طرح کاریلیف فراہم کریں گی جو برسوں سے جیلوں میں بند ہیں۔KMS-04/M





