مقبوضہ جموں وکشمیر : فلسطینیوں ، ایران کیساتھ اظہاریکجہتی کیلئے زبردست احتجاجی مظاہرے، ریلیاں
سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں آج یوم القدس اور جمعتہ الوداع پر مختلف علاقوں میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے بھارتی پابندیوں کو خاظر میں نہ لاتے ہوئے مظلوم فلسطینی عوام اور امریکی و اسرائیلی جارحیت کا شکار ایران کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے احتجاجی مظاہرے کیے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق انتظامیہ نے مظاہروں کو ناکام بنانے کیلئے سخت پابندیا ںعائد کررکھی تھیں ۔ تاہم لوگ پابندیوں کی پرواہ کیے بغیر سری نگر، بڈگام، بارہمولہ، بانڈی پورہ، گاندربل ، پلوامہ ، کرگل، لیہ اضلاع کے مختلف علاقوں میں نماز جمعہ کے بعدسڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرین نے ایران پرجارحیت کے خلاف اور فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے لگائے۔
اس سلسلے میں بڈگام کے علاوہ حسن آباد سرینگر، یاگی پورہ ماگام، چاڈورہ، سٹھسو کلان، نوگام سوناواری، سونہ پاہ بیروہ، اندرکوٹ سمبل، چھترگام، صوفی پورہ پہلگام اور وکھرون پلوامہ سمیت متعدد مقامات پر جلوس نکالے گئے جن میں عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ یو م القدس ،جمعتہ الوداع کا سب سے بڑا اجتماع مرکزی امام باڑہ بڈگام میں ہوا جہاں انجمن شرعی شیعیان کے صدرسید حسن الموسوی الصفوی کی اقتدا میں ہزاروں فرزندان توحید نے نماز جمعہ ادا کی۔ نماز جمعہ کے بعد ان کی قیادت میں ایک عظیم الشان جلوس قدس برآمد کیا گیا جو اولڈ بس سٹینڈ بڈگام تک پہنچا ۔ آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جمعتہ الوداع امت مسلمہ کے اتحاد، بیداری اور مظلوموں کی حمایت کے عزم کی تجدید کا دن ہے۔۔انہوں نے کہا آج اسلامی جمہوریہ ایران امریکہ اور اسرائیل کی مشترکہ جارحیت کے مقابلے میں جس استقامت، جرات اور غیر متزلزل عزم کے ساتھ کھڑا ہے وہ پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر ہے۔
قدیمی امام باڑہ حسن آباد سرینگر میں بھی ہزاروں افراد نے نماز جمعہ ادا کی جس کی امامت آغا سید مجتبیٰ عباس الموسوی الصفوی نے کی۔ نماز جمعہ کے بعد ایک عظیم الشان یوم القدس ریلی نکالی گئی۔مقبوضہ جموں وکشمیر میں لداخ خطے کے اضلاع کرگل اور لیہ میں بھی ایران اور فلسطینیوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیلئے مظاہرے کیے گئے جن میں خواتین اور بچوں سمیت ہزاروں لوگوں نے شرکت کی۔






