بی جے پی حکومت لوگوں کے ووٹنگ کا حق چھیننے کی کوشش کر رہی ہے، ممتا بنر جی
کولکتہ : بھارتی ریاست مغربی بنگال کی وزیر اعلی ممتا بنرجی نے بی جے پی حکومت کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ووٹر فہرستوں کی خصوصی نظر ثانی کے ذریعے لوگوں کے ووٹنگ کے حق کو چھیننے کی کوشش کر رہی ہے ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ممتا بنرجی نے دارلحکومت کولکتہ میں ایک اجتماع سے خطاب کے دوران آئندہ اسمبلی انتخابات کو جمہوری حقوق اور بنگال کے کثیر سماجی تانے بانے کے تحفظ کی جنگ قرار دیا۔انہوں نے کہا کہ ہم مودی اور بی جے پی کولوگوں کا ووٹنگ کا حق چھیننے کی اجازت نہیں دیں گے اور ہم آخر تک لڑیں گے
انہوں نے وزیر اعظم مودی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ بیرون ملک جاتے ہیں، لیڈروں سے ہاتھ ملاتے ہیں اور دوستی کی بات کرتے ہیں لیکن جب آپ بھارت واپس آتے ہیں، تو اچانک ہندو مسلم بیانیہ شروع ہو جاتا ہے، اور لوگوں (مسلمانوں )کو درانداز کہا جاتا ہے ۔میں کہوں گی کہ آپ اور آپ کی حکومت سب سے بڑے درانداز ہیں۔ممتا بنر جی نے کہا کہ ایس آئی آر مشق کے دوران بہت سے لوگوں کے نام ووٹر لسٹ سے حذف کر دیے گئے ہیں، میں نے اس ھوالے سے کلکتہ ہائی کورٹ اور یہاں تک کہ سپریم کورٹ کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔ مجھے اب بھی امید ہے کہ لوگوں کے حقوق کا تحفظ کیا جائے گا۔بنرجی نے کہا بنگال میںہندو، مسلمان، سکھ، عیسائی سب ایک ساتھ رہتے ہیں اور ہم کسی کو بھی اس اتحاد کو توڑنے کی اجازت نہیں دیں گے۔







