حریت کانفرنس کا یوم پاکستان کے موقع پر پاکستانی عوام، حکومت کو مبارکباد
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں اور تنظیموں نے یوم پاکستان کے موقع پرپاکستان کے عوام اور حکومت کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان نہ صرف کشمیریوں بلکہ پوری امت مسلمہ اور دنیا بھر کے مظلوموں کے لیے امید کا مرکز ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس اورحریت رہنماﺅں اور تنظیموں بشمول غلام محمد خان سوپوری، سلیم زرگر، تحریک حریت، مسلم لیگ جموں وکشمیر اورسٹوڈنٹس اینڈ یوتھ فورم نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں 23 مارچ1940 کو منظور کی گئی قرارداد پاکستان کی اہمیت کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہاکہ بلاشبہ یہ جنوبی ایشیا کی تاریخ کا سب سے اہم واقعہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ 23 مارچ کی قرارداد نے خطے کے مسلمانوں کو نئی توانائی اور حوصلہ دیا جو قائد اعظم محمد علی جناح کی قیادت میں آل انڈیا مسلم لیگ کے پلیٹ فارم پر جمع ہوئے اور آزادی کی جدوجہد شروع کی۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتوں بالخصوص مسلمانوں کے ساتھ بھارتی حکومت کے ظالمانہ سلوک سے اب یہ ثابت ہوگیاہے کہ مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا مطالبہ جائز تھا۔حریت کانفرنس نے کہا کہ بھارتی قبضے سے آزادی کے لیے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر کشمیری عوام حکومت پاکستان اور عوام کے بے حد مشکور ہیں۔حریت ترجمان نے کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور انہیں 23 مارچ 1940 کی تاریخی قرارداد سے تحریک ملتی ہے۔ بیان میں جموں و کشمیر کو بھارت کے جبری قبضے سے آزاد کرانے اور پاکستان کے ساتھ اس کے الحاق کے لیے جدوجہد جاری رکھنے کے کشمیریوں کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔





