بھارتی عدالتیں کشمیریوں کے خلاف مذموم مقاصد کیلئے استعمال ہو رہی ہیں، انجینئر امیر مقام
آسیہ اندارابی ، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو طویل قید کی سزائیں قابل مذمت، فیصلہ مسترد کرتے ہیں
اسلام آباد:
وفاقی وزیر امور کشمیروگلگت بلتستان ا نجینئرامیر مقام نے کہا ہے کہ بھارتی عدالتیں کشمیریوں کے خلاف مذموم مقاصد کیلئے استعمال ہو رہی ہیں۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی قیادت کے ہمراہ اسلا م آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے امیر مقام نے کہا کہ کشمیری حریت رہنمائوں کو جھوٹے مقدمات میں سزائیں دی جا رہی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ بھارتی عدالتوں نے آسیہ اندرابی کو عمر قید کی سزا سنائی جبکہ فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کو 30، 30 کی سزا سنائی گئی۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کی طرف سے اس فیصلے کی بھرپور مذمت اورمکمل طورپر مسترد کرتے ہیں، اس سے نظر آ رہا ہے کہ بھارتی عدالتیں آزاد نہیں ہیں۔امیر مقام کا کہنا تھا کہ آسیہ اندرابی کے خلاف کوئی مقدمہ نہیں صرف انھوں نے آزادی اور حق کی بات کی ہے، بھارت کا اصلی چہرہ دنیا کے سامنے آگیا ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کئی دہائیوں سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و بربریت کر رہا ہے، یہ بھارت کی خام خیالی ہے کہ وہ کشمیریوں کے جذبہ حریت کو دبا سکتا ہے ۔انہوں نے کہاکہ خواتین رہنمائوں کو کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کرنے کی پاداش میں یہ سزا سنائی گئی۔ امیر مقام نے کہا کہ بھارت کو یہ یاد رکھنا چاہیے کہ ان سزاں کے ذریعہ وہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی تحریک کو ختم نہیں کرسکتا۔
اس موقع پر کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینرغلام محمد صفی، شمیم شال اور دیگر حریت رہنمائوں نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہاکہ آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین کا واحد جرم یہ ہے کہ انہوں نے بھارت کے غیر قانونی قبضے کے خلاف آواز اٹھائی اور کشمیری عوام کے مسلمہ حقِ خودارادیت کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے واضح کیاکہ جموںو کشمیر کو بھارت کا نام نہاد اٹوٹ انگ قرار دینا زمینی حقائق کے منافی ہے اور اس طرح کے بیانیے کشمیری عوام کے بنیادی، سیاسی اور انسانی حقوق کو سلب کرنے کا جواز نہیں بن سکتے۔ انہوں نے اپنی جائز اور تاریخی جدوجہد کو ہر قیمت پر جاری رکھنے کے کشمیری عوام کے عزم کا اعادہ کیا۔انہوں نے کہاکہ تحریک آزادی کشمیر میں خواتین حریت رہنمائوں کاکردار تاریخ کے سنہری اور روشن ابواب میں ہمیشہ زندہ رہے گا۔شرکا نے آسیہ اندرابی، فہمیدہ صوفی اور ناہیدہ نسرین سمیت تمام اسیرانِ حریت کی جرات، استقامت اور غیر متزلزل عزم کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں تحریک آزادی کشمیر کی تاریخ کا ناقابل فراموش سرمایہ ہیں۔ مقررین نے عالمی برادری خصوصا اقوام متحدہ، او آئی سی، ایمنسٹی انٹرنیشنل اور ہیومن رائٹس واچ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لیں اور سیاسی نظربندوںکی رہائی کے لیے عملی اقدامات کریں۔




