حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے عبدالاحد پرا کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت
اسلام آباد:
اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر میں مقبوضہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے مسلم لیگ کے سینئر رہنما عبد الاحد پرا کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت کیلئے ایک دعائیہ تقریب منعقد کی گئی ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تقریب کی صدارت حریت کنوینر غلام محمد صفی نے کی اور کشمیری حریت قائدین اور دیگر افراد نے اس میں شرکت کی ۔ تقریب کے شرکانے مرحومہ کی بلندی درجات کیلئے دعا کی اور سوگوار خاندان کے ساتھ بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا۔ مقررین نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماں جیسی عظیم ہستی کا بچھڑ جانا ایک ایسا صدمہ ہے جس کا مداوا ممکن نہیں۔ انہوں نے عبد الاحد پرا اور ان کے اہلخانہ سے دلی تعزیت اورمکمل یکجہتی کا اظہار کیا ۔تقریب میں سینئر حریت رہنما محمود احمد ساغر، شیخ عبد المتین، دائود خان، حاجی محمد سلطان، جاوید جہانگیر، زاہد صفی، امتیاز وانی، عدیل مشتاق، سید گلشن، ظہور صوفی اور سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ سمیت دیگر معزز شخصیات نے شرکت کی۔






