جے کے ایل ایف کی طرف سے اشفاق مجید وانی، ڈاکٹرعبدالاحد گورواوردیگر شہداء کو خراج عقیدت
اسلام آباد:جموں وکشمیر لبریشن فرنٹ نے تحریک آزادی کشمیر کے سرکردہ رہنمائوں اشفاق مجید وانی، ڈاکٹرعبدالاحد گورو، ایڈووکیٹ جلیل احمد اندرابی،سید شبیراحمد صدیقی، بشارت رضا اور شہدائے حضرت بل کوانکی شہادت کی برسیوں پر شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے جموں وکشمیر کی بھارت کے غیر قانونی تسلط سے مکمل آزادی و خودمختاری تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق لبریشن فرنٹ کی طرف سے جاری ایک بیان پارٹی رہنمائوں راجہ حق نواز خان، راجہ ظفر خان، سلیم ہارون، خواجہ سیف الدین اور حافظ محمد انور سماوی، صابر گل، خواجہ منظور احمد چشتی، جاوید حنیف، سردار محمد انور خان،حافظ ممتاز احمد اوردیگر نے ایک بیان میں کہاکہ شہداء کی قربانیاں کشمیریوں کاایک بیش قیمت اثاثہ اور قوم کے ماتھے کا جھومر ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ اشفاق مجید وانی شہید ایک متحرک، وسیع النظر اور باصلاحیت نوجوان تھے جنہوں نے تحریک آزادی کی قیادت کرتے ہوئے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا ۔بھارتی فوجیوں نے انہیں 30مارچ1990کو رمضان المبارک کے تیسرے روز کو جمعہ کے دن شہید کیا ۔انہوں نے بین الاقوامی شہرت یافتہ امراض قلب کے معالج و سماجی کارکن ڈاکٹرعبدالاحد گورو کو شاندار خراج عقیدت پیش کیا جنہوں نے کشمیر کاز کے لیے اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔بیان کے مطابق عبدالاحد گورو یکم اپریل1993کو تحریک آزادی بالخصوص انسانی حقوق کی جنگ لڑتے ہوئے شہید ہوئے۔ انسانی حقوق کے علمبردار ایڈووکیٹ جلیل احمد اندرابی کو بھی کشمیریوں کے انسانی حقوق کیلئے مقامی و بین الاقوامی سطح پرآواز بلند کرنے پر شہید کیاگیا ۔ بھارتی فوج کے میجر اوتارسنگھ نے عبدالاحد گورو کو8مارچ کو حراست میں لیاتھا اورانکی لاش 27مارچ کو دریائے جہلم سے برآمد ہوئی تھی ۔ اسلامی سکالر سید شبیر احمد صدیقی کو بھارتی فوجیوں نے 30 مارچ1996کو درگاہ حضرت بل کے محاصرے کے دوران گولیوں اور مارٹر شلوں کانشانہ بنایا۔ بھارتی افواج نے درگاہ کے قریب قائم لبریشن فرنٹ کے دفتر کو مسمار کر دیا جس میں شبیر صدیقی سمیت پارٹی کے دو درجن کے قریب ارکان شہید ہوئے۔ اس محاصرے سے چند روز قبل 25 مارچ کواسی مقام پر لبریشن فرنٹ کے لیڈر بشارت رضااوردیگر نے بھی جام شہادت نوش کیاتھا۔لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں نے بھارتی قابض انتظامیہ کی طرف سے تحریک آزادی بالخصوص ریاست جموںو کشمیر کے قومی تشخص کے خلاف سازشوں سے کشمیری قوم کو ہوشیار کرتے ہوئے کشمیری شہداء کے مشن کو ہرقیمت پر اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے کے کشمیریوںکے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیریوںکو بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کرنے سے روک نہیں سکتی ۔ انہوں نے مقبوضہ کشمیر میں گزشتہ تین دہائیوں سے زائد عرصے سے جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی ظلم و جبر اور بربریت کے نتیجے میں کشمیریوں کے دلوں سے موت کا خوف ختم ہو چکا ہے اور وہ ہر نئے دن نئے جوش و جذبے کے ساتھ آزادی کی شمع فروزاں رکھے ہوئے ہیں ۔لبریشن فرنٹ کے رہنمائوں نے پارٹی کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین محمد یاسین ملک سمیت جملہ آزادی پسند کشمیری سیاسی رہنمائوں کی مسلسل غیر قانونی نظربندی کی شدید مذمت کی اوران کی فوری و غیر مشروط رہائی کا مطالبہ دہرایا۔






