مقبوضہ جموں وکشمیر میں محکمہ صحت کے ملازمین کا یکم اپریل سے دو روزہ ہڑتال کا اعلان

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میںہیلتھ مشن ایمپلائز ایسوسی ایشن نے اپنے دیرینہ مطالبات کومنوانے کے لئے یکم اپریل سے دوروزہ دھرنے اور ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق وادی کشمیر کے تمام ملازمین سرینگر میں جمع ہوں گے جہاں دھرنا دیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن نے کہا کہ یہ ہڑتال برسوں کی ادھوری یقین دہانیوں اور محکمہ صحت کے کارکنوں کے حقیقی خدشات کے حوالے سے حکومتی بے حسی کے بعد ایک فیصلہ کن قدم ہے۔احتجاج کرنے والے ملازمین تنخواہوںپر فوری نظر ثانی، ایک محفوظ پالیسی اور سماجی تحفظ کے جامع اقدامات کا مطالبہ کر رہے ہیںجن میںای ایس آئی ،ای پی ایف، انشورنس اور ریٹائرمنٹ کے بعد کے فوائدشامل ہیں۔ملازمین کے رہنماو¿ں نے کہا کہ ملازمین نے خاص طور پر مشکل وقت میں صحت کی دیکھ بھال کے نظام کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے لیکن انہیں مسلسل نظر انداز، ملازمت میں عدم تحفظ اور منصفانہ اجرت کے فقدان کا سامنا ہے۔انہوں نے ہڑتال کو اپنے حقوق کے تحفظ کاپرامن ذریعہ قرار دیتے ہوئے حکام پر زور دیا کہ وہ فوری بات چیت شروع کریں اور مزید تاخیر کے بغیر مسائل کو حل کریں۔ایسوسی ایشن نے تمام ملازمین پر زوردیا ہے کہ وہ انتظامیہ کو سخت پیغام دینے کے لیے اتحاد اور عزم کے ساتھ ہڑتال میں شرکت کریں۔






