مضامین

بھارت کی فالس فلیگ منصوبہ بندی اور پاکستان کا بروقت اقدام

محمد شہباز

بھارت جو اس خطے میں ایک ناسور ہے، اپنے ہمسایوں بالخصوص پاکستان کی سالمیت کو نقصان پہنچانے میں کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتا،البتہ اسے ہر بار ناکامی اور ذلت کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ کیونکہ پاکستان کے حساس ادارے بھارتی منصوبوں کو طشت از بام کرنے میں کوئی دیر نہیں لگاتے،یوں بھارت اپنے ہی جال میں پھنس جاتا ہے۔پاکستان کے حساس اداروں نے پھر ایکبار بھارت کی ایک خطرناک فالس فلیگ منصوبہ بندی کو بے نقاب کرکے خطے کو ایک بڑے بحران سے بچالیا ہے۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے بھارت کی خفیہ کمیونیکیشن کو ڈی کوڈ کرکے ایک بڑا منصوبہ بے نقاب کیاہے جس میں بھارتی حکام پاکستان کے خلاف ایک مصنوعی آپریشن  کے بعد پاکستان پر الزام لگانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارت اپنی جیلوں میں پاکستانی قیدیوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کے سرحدی علاقوں میں لے جا کر ان سے فالس فلیگ آپریشن انجام دینا چاہتا ہے۔جس کے بعد حسب سابقہ اس کا الزام پاکستان پر لگانا ہے۔ اس فالس فلیگ آپریش کا مقصد پاک افواج کو مشرقی سرحد پر مصروف رکھنا اور عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو نقصان پہنچانا ہے۔

یہ پہلی بار نہیں ہورہا ہے کہ بھارت فالس فلیگ آپریشنز کے ذریعے اس پورے خطے کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی مذموم کوشش کررہاہے،جب اپران پر امریکی و اسرائیلی جارجیت کے نتیجے میں پورا مشرقی وسطی آگ کی لپیٹ میں آچکا ہو ۔ تاریخ میں متعدد مواقع پر بھارت نے مشتبہ کارروائیوں کو پاکستان پر الزام لگانے کیلئے استعمال کیا ہے۔ 2019میں لیتہ پورہ پلوامہ فالس فلیگ آپریشن کی آڑ میں بھارتی جہازوں کا بالاکوٹ کے جنگلات میں پے لوڈ گرانا اور اس کے ردعمل میں 27فروری کو پاک فضائیہ کی جانب سے دو بھارتی طیاروں کو مار گرانا اور ایک پائلٹ ابھی نندن کی گرفتاری۔22اپریل 2025میں بیسرن پہلگام میں اپنے ہی24 سیاحوں کو قتل کرنے کے بعد 06اور07مئی کی رات پاکستان پر حملہ کیا گیا،تو اس کے جواب میں پاک فضائیہ نے صرف 07بھارتی طیارے بشمول 4رافیل کو زمین بوس کرنے کے علاوہ نو اور دس مئی کو26بھارتی فوجی تنصیبات کو ملیا میٹ کرنا زیادہ دور کی بات نہیں ہے۔

بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشنز میں پاکستان کو عالمی اور مقامی سطح پر بدنام کرنے کی کوششیں بدستور جاری ہیں۔پاکستان کے حساس اداروں کی ہوشیاری اور پیشگی اقدامات نے اس خطرناک بھارتی منصوبے کو ناکام بنایا ہے۔ پاک ا فواج اور انٹیلی جنس کمیونیکیشن کے مضبوط نظام نے بھارت کی سازشوں کو بے نقاب کرکے ایک ممکنہ بحران سے نمٹنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنایا۔یہ واضح ہے کہ بھارت کی فالس فلیگ منصوبہ بندی پاکستان کی سلامتی اور استحکام کیلئے ایک سنگین خطرہ ہے، لیکن پاکستان کے حساس اداروں کی مستعدی اور قومی اتحاد اس خطرے کو ناکام بنانے کیلئے ہمیشہ تیار ہیں۔

یہ فالس فلیگ حکمت عملی کسی بھی ملک کیلئے انتہائی خطرناک تصور کی جاتی ہے کیونکہ اس میں ایک ملک دوسرے ملک کے خلاف جھوٹے شواہد گھڑنے کی کوشش کرتا ہے اور پھرعالمی برادری کے سامنے اپنے مذموم عزائم کو جائز ٹھہرانے کی کوشش بھی کرتا ہے۔ البتہ پاکستانی انٹیلی جنس ایجنسیوں کی بروقت کارروائی نے نہ صرف اس منصوبے کو ناکام بنایا بلکہ بھارت کی چالاکیوں کو بے نقاب بھی کردیا۔پاکستان کے حساس اداروں کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ انٹیلی جنس ٹیموں نے خفیہ ڈیٹا کا تجزیہ کرکے بھارتی منصوبے کی تفصیلات حاصل کیں اور پھراس کے نتائج حکومت اور پاک افواج کے اعلی حکام کیساتھ شیئر کیے۔ سیکیورٹی ذرائع کہتے ہیں کہ بھارت نے اس منصوبے کے ذریعے نہ صرف پاکستان کے خلاف مصنوعی واقعات پیدا کرنے کی کوشش کی بلکہ خطے میں کشیدگی بڑھانے کی سازش بھی کر رکھی تھی۔اس منصوبے کے بے نقاب ہونے سے پھر ایکبار یہ واضح ہو گیا ہے کہ پاکستان کے سیکیورٹی ادارے ملکی دفاع اور قومی مفادات کے تحفظ میں کس قدر ہوشیار اور فعال ہیں۔ انہوں نے نہ صرف خطرے کی نشانی کو بروقت جانچا بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کے خلاف ہونے والی منفی پروپیگنڈا مہم کو بھی ناکام بنایا۔ماہرین کا کہنا ہے کہ بھارت کی اس فالس فلیگ منصوبہ بندی کا مقصد صرف پاکستان پر الزام عائد کرنا نہیں تھا، بلکہ اس کے ذریعے عالمی اداروں، میڈیا اور دیگر ممالک کو یہ پیغام دینا تھا کہ پاکستان خطے میں غیر مستحکم عنصر ہے۔ تاہم پاکستانی اداروں کی پیش بندی نے اس خطرناک کھیل کو خاک میں ملا دیا۔یہ پیشرفت نہ صرف پاکستانی اداروں کیلئے ایک مثبت اقدام ہے بلکہ خطے میں امن و استحکام کیلئے بھی ایک واضح اشارہ ہے کہ پاکستان کے حساس ادارے کسی بھی خطرے سے نمٹنے کیلئے تیار ہیں۔ پاکستان کی مستعدی اور بروقت اقدامات نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ کوئی بھی ملک پاکستان کے خلاف غیر قانونی اقدامات کرنے کی جرات نہیں کر سکتا، کیونکہ پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیز ہر لمحے چوکنا اور موثر ہیں۔

پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسیوں نے پھر ایکبار ثابت کیا ہے کہ ملکی دفاع صرف مسلح ا فواج ہی نہیں بلکہ بروقت اور پیشگی اقدامات کے ذریعے بھی ممکن بنایا جاسکتا ہے۔ بھارت کی فالس فلیگ منصوبہ بندی کا بے نقاب ہونا اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان اپنی سرحدوں اور قومی مفادات کے تحفظ کیلئے کسی بھی خطرے کا بھرپور جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔یہ اقدام نہ صرف پاکستان کی داخلی سیکیورٹی کیلئے اہم ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ کو محفوظ رکھنے میں بھی ایک بڑا قدم ہے۔ پاکستان کی بروقت اور مضبوط دفاعی حکمت عملی کی بدولت خطے میں امن قائم رکھنے کے امکانات مزید بڑھ گئے ہیں، اور دشمنوں کے مذموم منصوبے ناکام ہو رہے ہیں۔

اہل پاکستان کیلئے بھی یہ سمجھنا ضروری ہے کہ پاکستان کے ادارے ہر لمحہ ملک کی حفاظت اور سلامتی کیلئے چوکس ہیں۔پاکستان نے اپنی قومی سلامتی کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اپنا خون بہانے سے کبھی دریغ نہیں کیا۔یہ جذبہ مملکت خداداد کے معرض وجود میں آنے کیساتھ ہی اہل پاکستان بالعموم اور افواج پاکستان میں بالخصوص موجزن ہے۔یہی جذبہ بھارت سے حجم میں کئی گنا چھوٹے پاکستان کو بھارت پر برتری دالاتا ہے۔بھارت بار بار ہزیمت اٹھانے کے باوجود بھی اپنی غلیظ حرکتوں سے باز نہیں آتا اور نہ ہی مستقبل میں اس کا کوئی امکان ہے۔کیونکہ بھارت خطے میں جس بالادستی کے خبط میں مبتلا ہے،خاص کر 2014میں جب سے مودی اور ہندوتوا بی جے پی بھارت میں برسراقتدار آچکے ہیں،نہ صرف اکھنڈ بھارت کے خبط میں اضافہ ہوا بلکہ بھارتی پارلیمنٹ کی نئی عمارت میں اکھنڈ بھارت کا نقشہ آویزان کرکے اس کا کھلے بندوں اظہار بھی کیا گیا ہے۔ یہ اکھنڈ بھارت کا خبط ہی ہے جو اسے چین نہیں لینے دیتا۔مگر کیا جائے کہ اس کیلئے وہ جوان جذبہ چاہیے،جس سے بھارتی کوسوں دور اور24کروڑ پاکستانیوں کے دل بھارت کو ہر حال میں اسی کی زبان میں جواب دینے اور سبق سکھانے کے جذبوں سے مچل رہے ہیں۔27فروری2019اور مئی2025اس کی بہترین مثالیں ہیں۔

بھارت کی جانب سے فالس فلیگ آپریشن کرنے کے ڈرامے کے پیچھے مشرق وسطی میں الگ تھلگ ہونے اور دیوار کیساتھ لگنے کی ایک بڑی وجہ بھی ہے،اس آگ کو بجھانے میں پاکستان ایک کلیدی کردار ادا کررہا ہے،جس کا اعتراف امریکی بہادر بھی کررہاہے کہ پاکستان کے ذریعے ایران کیساتھ بات چیت کا سلسلہ آگے بڑھ رہا ہے ۔بھارت کی اپوزیشن جماعتیں ، غیر جانبدار تجزیہ کار و صحافی مودی کی لعن و طعن اور اس خطے میں پاکستان کے ایک ابھرتے ہوئے کردار ، بھارت کے پس منظر میں چلے جانے اور اس کا قصوار مودی کو ٹھہراتے ہیں۔ایسے میں  رنگے ہاتھوں پکڑے جانے کے بعد بھارت اب مظلوم بننے کی کوشش بھی کررہا ہے،یہ بھارت کے گودی میڈیا اینڈ کمپنی کی شرمناک حکمت عملی کا حصہ ہے۔

 

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

مزید دیکھئے
Close
Back to top button