کنٹرول لائن کے بٹال سیکٹر کے قریب بھارتی ڈرون مار گرایا گیا، سکیورٹی ذرائع
مظفر آباد:
آزاد کشمیر کے بٹال سیکٹر میں کنٹرول لائن کے قریب بھارت کی جانب سے مبینہ طور پر بھیجا گیا ایک ڈرون مار گرایا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مقامی اورسکیورٹی ذرائع نے میڈیا کو بتایاہے کہ یہ ڈرون جاسوسی اور نگرانی کے مشن پر تھا اورکنٹرول لائن کے ساتھ ضلع پونچھ میں پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہونے کے بعد اسے نشانہ بنایا گیا۔کواڈ کاپٹر کو بھارتی فوج نے مبینہ طور پر جاسوسی کے لیے پاکستانی حدود میں بھیجا تھا، جسے ہجیرہ کے قریب تاترینوٹ گائوں میں مار گرایا گیا۔علاقہ مکینوں نے ملبہ تلاش کرنے میں مددکی، جس کے بعد متعلقہ حکام نے جائے وقوعہ کو تحویل میں لے لیا۔واقعے کے بعد علاقے میں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاک فوج کسی بھی قسم کی جارحیت کا موثر جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور ملکی سرحدوں کے دفاع کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔مقامی لوگوں نے پاک فوج کی بروقت کارروائی کو سراہتے ہوئے اسے ملکی دفاع کا واضح ثبوت قرار دیا ہے۔





