حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کا ظفر اکبر بٹ اورالطاف بٹ کی والدہ کے انتقال پر اظہار تعزیت

اسلام آباد: کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیرشاخ نے مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طورپر نظر بند حریت رہنما ظفر اکبر بٹ اوحریت رہنما اور جموں و کشمیر سالویشن موومنٹ کے چیئرمین محمد الطاف بٹ کی والدہ کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے کنوینر غلام محمد صفی، سیکرٹری جنرل ایڈووکیٹ پرویز احمد شاہ اور سیکرٹری اطلاعات مشتاق احمد بٹ نے اسلام آباد میں ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ مرحومہ ایک عظیم کردار کی حامل خاتون تھیں اور انہوں نے اپنی زندگی تقوی، صبر اور لوگوں کی خدمت کے اصولوں کے تحت گزاری۔انہوں نے کہاکہ مرحومہ کے اہل خانہ نے تحریک آزادی کشمیر کے لیے جو قربانیاں دی ہیں وہ تاریخ کا روشن باب ہیں۔ ان کا خاندان استقامت، حوصلے اور جدوجہد کی زندہ مثال ہے، جس نے ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کے لیے آواز بلند کی اور بے شمار مصائب و مشکلات کا بہادری سے سامنا کیا۔حریت رہنمائوں نے مرحومہ کی بلندی درجات اور سوگوار خاندان کیلئے صبر عظیم کی دعا کی ۔ انہوں نے پسماندگان سے مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ ایسے حوصلہ مند خاندان ہی تحریک آزادی کشمیر کا اصل اثاثہ ہیں، جن کی قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ادھرحریت رہنماء الطاف احمد بٹ کی والدہ کی غائبانہ نماز جنازہ اسلام آباد میں ادا کی گئی۔نماز جنازہ میں پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کی سیاسی و مذہبی شخصیات ، صحافیوں، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور کشمیری برادری نے بڑی تعدادمیں شرکت کی۔ نماز جنازہ کے بعد بڑی تعداد میں لوگ الطاف احمد بٹ کی رہائش گاہ پر تعزیت کے لیے پہنچے۔انہوں نے سوگوار خاندان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور مرحومہ کی بلندی درجات کیلئے دعا کی۔








