اسلام آباد:نیشنل پریس کلب کے وفد کا حریت دفتر کا دورہ
سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کے پروگرام کے حوالے سے مشاورت
اسلام آباد: نیشنل پریس کلب کے وفد نے اسلام آبادمیں کل جماعتی حریت کانفرنس آزادکشمیرشاخ کے دفتر کا دورہ کیااور بابائے حریت سید علی گیلانی کی پانچویں برسی کے پروگرام کے حوالے سے مشاورت کی۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سیکرٹری فنانس عابد عباسی کی قیادت میں وفد نے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے دفتر کا دورہ کیا۔ حریت کانفرنس آزادکشمیرشاخ کے جنرل سیکرٹری ایڈووکیٹ پرویز احمد، الطاف احمد بٹ، شیخ عبدالمتین، راجہ خادم حسین، زاہد اشرف، شیخ عبدالماجد اور سیکرٹری اطلاعات امتیاز وانی نے وفد کا استقبال کیا۔ملاقات کے دوران بابائے حریت، قائدِ انقلاب شہید سید علی گیلانیؒ کی پانچویں برسی کے سلسلے میں یکم ستمبر کو اسلام آباد کے پاکستان مونومنٹ میں منعقد ہونے والے مرکزی پروگرام کے حوالے سے تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔اس موقع پر پروگرام کے انتظامات، میڈیا کوریج، صحافتی برادری کی شرکت اور دیگر امور پر مشاورت کی گئی۔ نیشنل پریس کلب کے وفد نے سید علی گیلانی کی عظیم جدوجہد اور تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے لیے ان کی لازوال خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے پروگرام کی بھرپور میڈیا کوریج کے عزم کا اظہار کیا۔ حریت رہنماؤں نے کہا کہ سید علی گیلانی کی جدوجہد، نظریہ اور قربانیاں تحریکِ آزادیٔ کشمیر کے لیے مشعلِ راہ ہیں۔
وفد میں عبدالرزاق بھٹی، بشیر عثمانی، اسلم رضا، عقیل احمد ترین، چوہدری رفیق، وسیم عباسی، عبداللطیف ڈار اور غلام محی الدین ڈار بھی شامل تھے۔







