بی ایس ایف کی فائرنگ سے بنگلہ دیشی نوجوان زخمی، سرحد پر کشیدگی برقرار

نئی دلی:بھارتی بارڈر سکیورٹی فورس کے اہلکاروں کی فائرنگ سے ایک بنگلہ دیشی نوجوان زخمی ہونے کے بعد بھارت بنگلہ دیش سرحد پر کشیدگی برقرار ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ بنگلہ دیش کے ضلع لالمنیرہاٹ کے علاقے پٹگرام میں پیش آیا، جہاں زخمی ہونے والے نوجوان کی شناخت میزان الرحمن کے نام سے ہوئی ہے۔ اطلاعات کے مطابق میزان الرحمن سرحدی علاقے کے قریب موجود تھا جب بی ایس ایف اہلکاروں نے فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہو گیا۔ بعد ازاں اسے علاج کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔واقعے کے بعد مقامی آبادی میں شدید غم و غصہ کی لہر دوڑ گئی اور لوگوں نے بی ایس ایف اہلکاروں کی فائرنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے سرحدی علاقے میں جمع ہو کر مظاہرہ کیا ۔ صورتحال کشیدہ ہونے پر دونوں ممالک کے سرحدی حکام نے حالات کو قابو میں لانے کے لیے اقدامات کیے۔بنگلہ دیشی حکام نے ایک غیر مسلح شہری پر فائرنگ کو ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے اپنے بھارتی ہم منصبوں سے وضاحت طلب کی ہے۔ اس معاملے پر دونوں اطراف کے حکام کے درمیان فلیگ میٹنگ بھی منعقد کی گئی تاکہ کشیدگی کو کم کیا جا سکے۔مبصرین کے مطابق ایسے واقعات سرحدی علاقوں میں انسانی حقوق سے متعلق بڑھتی ہوئی تشویش کو ظاہر کرتے ہیں، جہاں شہریوں کے خلاف طاقت کے استعمال کے واقعات پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔







