مقبوضہ جموں و کشمیر

پاکستان کی ثالثی میں ایران، امریکہ جنگ بندی انسانیت دشمن قوتوں کیلئے ذلت آمیز شکست ہے، الموسوی

سری نگر: بھارت کے غیر قانونی زیرقبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور انجمن شرعی شیعیان کے صدر آغا سید حسن الموسوی الصفوی نے اسلامی جمہوریہ ایران اور امریکہ کے درمیان پاکستان کی ثالثی میں ہونے والی حالیہ پیش رفت کو انسانیت دشمن قوتوں کی ایک ذلت آمیز شکست قرار دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق آغا سید حسن نے سرینگر میں ایک بیان مین کہا کہ حالیہ کشیدگی کے بعد دو ہفتوں پر مشتمل جنگ بندی محض ایک سفارتی وقفہ نہیں بلکہ استقامت، بصیرت اور اجتماعی قربانیوں سے عبارت ایک عظیم کامیابی ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو رہبر اعلیٰ آیت اللہ خامنہ ای کے مقدس لہو کی برکت اور رہبر معظم آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای کی غیر معمولی بصیرت و حکمت عملی، مسلح افواج کی جرات و استقامت اور ایرانی عوام کی بے مثال جذبے کا نتیجہ قرار دیا۔انہوں نے کہادنیا اس وقت ایک نازک مگر فیصلہ کن موڑ پر کھڑی ہے، جہاں حق و باطل کی ازلی کشمکش نے ایک بار پھر عالمی حالات کے دھارے کو متاثر کیا ہے۔ بظاہر یہ جنگ بندی ایک سفارتی پیش رفت دکھائی دیتی ہے، مگر اس کے پس منظر میں استقامت، حکمت اور قربانی کی ایک عظیم داستان پوشیدہ ہے۔ آغا سید حسن نے عالمی استعماری طاقتوں کی غیر قانونی اور جارحانہ کارروائیوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ایران کا رد عمل پوری امت مسلمہ کے لیے باعث فخر اور حوصلہ افزائی کا باعث ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایرانی قوم کی ثابت قدمی نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ ظلم کے مضبوط ترین ایوان بھی حق کی طاقت کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ اس جنگ بندی کو کمزوری کے طور پر نہیں بلکہ ایک حکیمانہ اور اصولی فیصلہ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے، جس کے ذریعے ایران نے اپنی خودمختاری، وقار اور قومی مفادات پر کوئی سمجھوتہ کیے بغیر مخالف قوتوں کو مذاکرات کی میز پر آنے پر مجبور کیا۔ ان کے مطابق ایران کے دس نکاتی اصولی مو¿قف کا تسلیم کیا جانا عالمی سطح پر ایک نئے توازن قوت کا مظہر ہے۔آغا سید حسن نے اس عمل میں پاکستان کے مثبت کردار کو بھی سراہا اور کہا کہ پاکستان نے ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر خطے میں کشیدگی کم کرنے اور مذاکرات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کیا۔
انہوں نے ایران کی اعلیٰ قومی سلامتی کونسل کے بیان کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اسلامی جمہوریہ ایران نے نہ صرف میدان جنگ میں اپنی برتری ثابت کی بلکہ سفارتی محاذ پر بھی اپنی شرائط منوانے کی بھرپور صلاحیت کا مظاہرہ کیا ہے۔ آغا سید حسن نے ایرانی عوام، ان کی قیادت اور تمام حریت پسند قوتوں کو اس کامیابی پر دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ یہ پیش رفت ایک منصفانہ اور پائیدار امن کی بنیاد ثابت ہوگی، جہاں اصولوں، انصاف اور خودمختاری کو فوقیت حاصل ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ظلم و جبر کے خلاف آواز بلند کرنا اور مظلوم اقوام کے ساتھ کھڑا ہونا ہمارا دینی، اخلاقی اور انسانی فریضہ ہے۔ KMS-03/M

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button