مظفر آباد : کل ”مبارک پاکستان“ ریلی کا انعقاد کیا جائے گا

مظفرآباد: پاکستان کو اسکی کامیاب سفارتکاری پر خراج تحسین پیش کرنے کیلئے کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے زیر اہتمام مظفرآباد میں کل 10اپریل بروز جمعہ ایک عظیم الشان “مبارک پاکستان ریلی” کا انعقاد کیا جائے گا۔ ریلی میں سیاسی، مذہبی اور سماجی قائدین، طلبا، تاجر برادری اوربڑی تعدادمیں عوام الناس شریک ہوکر مملکت خداداد کے ساتھ اپنی غیر متزلزل وابستگی اور عقیدت کا اظہار کریں گے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیاکہ اس ریلی کا بنیادی مقصد پاکستان کی حالیہ کامیاب سفارتی کاوشوں کو سراہنا اور عالمی سطح پر امن، استحکام اور مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اس کے مثبت، جاندار اور اصولی موقف کی تائید کرنا ہے۔بیان میں کہا گیا کہ پاکستان نے ہمیشہ کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو عالمی فورموں پر موثر انداز میں اجاگر کیا ہے اور ہر مشکل گھڑی میں کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھی ہے جس پر کشمیری عوام اسکے انتہائی مشکور ہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ایران اور امریکہ کے مابین کشیدگی کے نازک حالات میں پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کی دانشمندانہ حکمتِ عملی اور مسلسل سفارتی کوششوں نے دنیا کو امن، توازن اور مفاہمت کا واضح پیغام دیا ہے جو قابلِ تحسین ہے۔
حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ نے اپنے بیان میں عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ ریلی میں بھرپور شرکت کو یقینی بنائیں اور پاکستان کے ساتھ لازوال محبت اور یکجہتی کا عملی مظاہرہ کریں۔





