مقبوضہ جموں و کشمیر

کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بھارتی حکومت کے ظالمانہ اقدامات جاری ، حریت کانفرنس

سرینگر:کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی حکومت نے کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے گھروں پر چھاپوں اور کریک ڈائونزکاسلسلہ جاری رکھا ہواہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق حریت ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ کشمیریوں سے ان کی شناخت اور حقوق چھیننے کیلئے بھارتی حکومت دفعہ370اور 35اے کے تحت کشمیریوں کی خصوصی حیثیت منسوخ کرنے کے بعد ہندوتواکے زیر اثر اورکشمیر مخالف ایجنڈے پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقبوضہ علاقے میں آبادی کے تناسب کو تبدیل کرنے کے لیے غیر کشمیریوں کو تیزی سے ڈومیسائل سرٹیفیکیٹس جاری کئے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بھارت منظم طریقے سے مقبوضہ کشمیر میں کشمیریوں کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں، کریک ڈائون اور روزانہ کی بنیاد پر گھروں پر چھاپوں کی آڑ میں مسلسل مظالم کا نشانہ بنا کرغیر کشمیریوں کی آبادکاری کی راہ ہموار کر رہا ہے۔حریت ترجمان نے مزید کہا کہ بی جے پی حکومت مقبوضہ علاقے میں ریٹائرڈ فوجیوںکیلئے الگ کالونیاں تعمیر کر رہی ہے، یہ عمل اگست 2019 میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کے بعد سے تیز ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی کی زیرقیادت بھارتی حکومت نے مقبوضہ کشمیر کو ایک جیل میں تبدیل کر دیا ہے، جہاں لاکھوں کشمیریوں کی قسمت غیر یقینی ہے۔ انہوں نے عالمی برادری پر زوردیاکہ وہ تنازعہ کشمیر کے دیرپاحل کے لیے عملی اقدامات کرے، تاکہ کشمیری عوام کو بھارتی مظالم سے نجات مل سکے ۔حریت ترجمان نے واضح کیاکہ تنازعہ کشمیر کا پائیدار حل دو قومی نظریہ کے تحت ممکن ہے، جس کے ذریعے مقبوضہ کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔انہوں نے حریت چیئرمین مسرت عالم بٹ، محمد یاسین ملک، شبیر احمد شاہ، آسیہ اندرابی، ناہیدہ نسرین، فہمیدہ صوفی، نعیم احمد خان، ایاز اکبر، پیر سیف اللہ، معراج الدین کلوال ،فاروق احمد ڈار ، شاہد الاسلام ، مولوی بشیر عرفانی،بلال احمد صدیقی، مشتاق الاسلام، ڈاکٹر حامد فیاض، ایڈووکیٹ میاں عبدالقیوم، ڈاکٹر محمد شفیع شریعتی، ڈاکٹر محمد قاسم فکتو، ظفر اکبر بٹ، محمد رفیق گنائی، اور حیات احمد بٹ سمیت تمام غیر قانونی طور پر نظر بند حریت رہنمائوں اور کارکنوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا حریت ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے بھی اپیل کی کہ وہ تمام نظربند حریت رہنمائوں، کارکنوں، نوجوانوں، علمائے کرام، انسانی حقوق کے کارکنوں اور صحافیوں کی رہائی میں مدد کریں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button