کولگام:انتظامیہ نے لطیف بٹ شہید کاجسد خاکی آبائی گائوں سے 160 کلومیٹر دور سپردِ خاک کر دیا
میت ورثا کے حوالے نہیں کی گئی، شہید کے والد اوردیگراہلخانہ کے موبائل فون ضبط ، کڑے پہرے میں تدفین
سرینگر :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں وکشمیر میں قابض انتظامیہ نے گزشتہ روز بھارتی فورسز کے ہاتھوں شہید ہونے والے معروف آزادی پسند کارکن محمد لطیف بٹ کی میت ورثا کے حوالے کرنے کے بجائے ضلع کولگام میں اپنے آبائی علاقے سے تقریبا160کلو میٹردور ضلع کپواڑہ کی وادی بنگس میں واقع ایک ویران قبرستان میں دفنا دی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی فورسز نے محمد لطیف بٹ کو گزشتہ روزضلع کولگام کے علاقے رنگل پورہ میں شہید کر دیا تھا۔ شہید کے اہلخانہ نے تصدیق کی ہے کہ لطیف بٹ کا جسد خاکی بدھ کے روز رات گئے وادی بنگلس میں سخت حفاظتی نگرانی کے درمیان سپردِ خاک کیا گیا۔ یہ مقام شہید کے آبائی گائوں سے تقریبا 160 کلومیٹر دور ہے، جہاں تک پہنچنے میں گاڑی کے ذریعے تقریبا چار گھنٹے لگتے ہیں۔
بھارتی فورسز اہلکار شہید کے چند مرد رشتہ داروں کو رات تقریبا 10 بجے ضلع کپواڑہ کے علاقے ہندواڑہ میں واقع تدفین کی جگہ تک لے گئے۔جہاں مذہبی رسومات کی ادائیگی کی مختصر اجاازت دی گئی ۔ تمام اہلخانہ کے پہلے موبائل فونز ضبط کرکیے گئے ، تصویر یا ویڈیو وغیرہ بنانے کی اجازت نہیںدی گئی ۔شہید کے ماموں محمد الطاف نے تصدیق کی کہ بھارتی فورسز اہلکاروں نے قبرستان پہنچنے سے تقریبا 10 کلومیٹر پہلے ہی تمام افراد کے موبائل فونز اپنے قبضے میںلیے، تاکہ کسی قسم کی تصویر کشی یا ویڈیو ریکارڈنگ کو روکا جا سکے۔تدفین میں شریک کیے جانے والوں میں شہید کے والد مشتاق احمد بھٹ کے علاوہ دو ماموں، تین چچا اور ایک بہنوئی شامل تھے۔
یاد رہے کہ بھارتی انتظامیہ نے شہید آزادی پسند کارکن کی گھر سے دور تدفین کا فیصلہ بھارتی وزارت داخلہ کی اس طے شدہ ظالمانہ پالیسی کے تحت عمل میںلائی ہے کہ شہید کارکنوں کی لاشیں ورثا کے حوالے نہیں کی جائیں گی۔ اس مذموم پالیسی کامقصد شہداء کے ورثا کوذہنی کرب و اذیت میں مبتلا کرنے کے علاوہ بھارت مخا لف اور آزادی کے حق میں مظاہروں کو روکنا ہے جو شہداء کی تدفین کے موقع پر دیکھنے کو ملتے ہیں۔
بی جے پی کی بھارتی حکومت نے اگست 2019میں مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے بعد آزادی پسند کشمیری عوام کیخلاف اس طرح کی ظالمانہ پالیسی میںتیزی لائی ہے۔







