پاکستانی فضائی حدود کی بندش،تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتیں:بھارتی ایئر لائنز شدید مالی بحران کا شکار پروازیں منسوخ ہونے کا خدشہ، ائر لائنز نے حکومت سے ہنگامی مدد کی اپیل کر دی

نئی دہلی:پاکستان کی فضائی حدود کی بندش اور تیل کی بڑھتی قیمتوں کے باعث بھارت کی 3 بڑی ایئر لائنز شدید بحران کا شکار ہیں ،ملک میں پروازوں کی معطلی کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ائر لائنز نے حکومت سے ہنگامی مدد کی اپیل کردی ہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق بھارتی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس میں کہا گیا کہ بھارتی فضائی صنعت بحران کے دہانے پر پہنچ گئی ہے ، 3 فضائی کمپنیوں ایئر انڈیا، انڈیگو اور اسپائس جیٹ نے حکومت سے فوری مدد کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق فیڈریشن آف انڈین ایئر لائنز (ایف آئی اے) جو ایئر انڈیا، انڈیگو، اور اسپائس جیٹ کی نمائندگی کرتی ہے، نے وزارتِ شہری ہوا بازی کو لکھے گئے خط میں خبردار کیا ہے کہ صنعت “شدید دباو” کا شکار ہے اور فوری ریلیف نہ ملا تو پروازیں منسوخ اور طیارے گراونڈ کیے جاسکتے ہیں۔
ایف آئی اے نے حکومت کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ حالیہ ایران جنگ اور خاص طور پر آبنائے ہرمز کی بندش کے پیش نظر عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں غیر معمولی حد تک اضافہ ہوا ہے۔بھارت دنیا کی پانچویں بڑی ایوی ایشن مارکیٹ ہے جو موجودہ صورتحال سے براہِ راست متاثر ہو رہی ہے، ایندھن کے اخراجات بھارتی ایئر لائنز کے کل آپریٹنگ اخراجات کا 40 فیصد بنتے ہیں۔
خط میں کہا گیا ہے کہ ایندھن کی قیمتوں میں غیر منطقی اضافہ ایئرلائنز کے لیے “ناقابلِ برداشت نقصانات” کا باعث بنے گا، جس سے آپریشن معطل ہونے کا خدشہ ہے۔
فضائی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ بین الاقوامی آپریشنز مکمل طور پر غیر منافع بخش ہوچکے ہیں جبکہ اندرونِ ملک پروازیں بھی شدید دباو کا شکار ہیں۔ایف آئی اے کے مطابق حکومت نے حال ہی میں مقامی پروازوں کے لیے ایندھن کی قیمت میں اضافہ 15 روپے فی لیٹر تک محدود رکھا، تاہم بین الاقوامی پروازوں کے لیے یہی اضافہ 73 روپے فی لیٹر تک پہنچ گیا، جس سے عدم توازن پیدا ہوا۔
فیڈریشن آف انڈین ایئر لائنز نے حکومت سے ایندھن پر عائد 11 فیصد ایکسائز ڈیوٹی کو عارضی طور پر معطل کرنے کا مطالبہ کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ بڑھتی قیمتوں اور کرنسی کی قدر میں کمی کے باعث ٹیکس کا بوجھ کئی گنا بڑھ گیا ہے۔ان کا مزید کہنا ہے کہ ایوی ایشن ٹربائن فیول کی قیمتوں کا ازسرِنو تعین کیا جائے، فیول پرائسنگ میکانزم کو مقامی اور بین الاقوامی دونوں طرح کے آپریشنز کے لیے یکساں طور پر نافذ کیا جائے۔






