مودی کا گودی میڈیا بھی پاک بحریہ کی شجاعت ، بہادری اور جرات کے گن گانے لگا
اسلام آباد: نریندر مودی کے گودی میڈیا بھی پاک بحریہ کی شجاعت، جرات اور بہادری کی داستانیں اپنے عوام کو سنانے پر مجبور ہو گیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارت کی معروف میڈیا این ڈی ٹی وی، ٹائمز آف انڈیا اور دی اکنامک ٹائمز کی ویب سائٹس بحیرہ عرب میں فنی خرابی کے باعث پھنسنے والے بھارتی جہاز کی مدد کرنے پر پاک بحریہ کی کارکردگی کو سراہا اور اس کی تعریفیں کی جا رہی ہیں۔
بھارتی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ پاک بحریہ نے ناصرف بھارتی جہاز کے عملے کی مدد کی بلکہ عملے کو خوراک، طبی سہولت اور ہنگامی امداد بھی فراہم کی۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ جہاز ایم وی گوتم عمان سے بھارت جاتے ہوئے فنی خرابی کا شکار ہو گیا تھا۔ ممبئی کے میری ٹائم ریسکیو مرکز کی درخواست پر اسلام آباد سے رابطہ کیا گیا جس کے بعد پاک بحریہ نے امدادی کارروائی شروع کی۔جہاز پی این ایس کشمیر کو ریسکیو مشن کے لیے روانہ کیا گیا جبکہ پاکستان میری ٹائم سیکیورٹی ایجنسی نے بھی معاونت کی۔بھارتی میڈیا کے مطابق جہاز پر 7افراد موجود تھے جن میں 6بھارتی اور ایک انڈونیشین شہری شامل تھا، پاک بحریہ نے انہیں فوری امداد فراہم کی تاکہ جہاز کو مستحکم اور عملے کو محفوظ بنایا جا سکے۔بھارتی میڈیا کے مطابق جہاز 3 مئی کو جنریٹر کی خرابی کے باعث مکمل طور پر بجلی سے محروم ہو گیا تھا۔4مئی کی شب 11بجے کے قریب اس بارے میں اطلاع دی گئی،بحری جہاز سمندر میں بہہ کر تقریبا 262ناٹیکل میل دور پہنچ گیا تھا۔





