بھارت:ناسک کمبھ میلے سے قبل 4کروڑ روپے کی خورد برد

ممبئی:بھارت میں ناسک کمبھ میلے سے چند ماہ پہلے خرد برد کا ایک سنسنی خیز معاملہ سامنے آیا ہے جس میں سرکاری مہروں اور جعلی دستخطوں کے ذریعے تقریبا 4کروڑ روپے کا گھپلا کیے جانے کا انکشاف ہواہے۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم ابھشیک جھارے نے مہاراشٹر کے علاقے ناسک کے ڈویژنل کمشنر پراوین جیڈم کے نام پر سرکاری مہریں استعمال کرتے ہوئے جعلی ورک آرڈر تیار کیے اور ان پر کمشنر کے فرضی دستخط بھی ثبت کیے ۔ ملزم نے مصنوعی ذہانت ( اے آئی) سے چلنے والے سیکورٹی نظام اور سی سی ٹی وی منصوبوں کے نام پر حکومت کو دھوکہ دینے کی کوشش کی تاکہ یہ ظاہر کیا جاسکے کہ کروڑوں روپے کے یہ منصوبے سرکاری طور پر منظور شدہ ہیں ۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ جعلی ورک آرڈر ز منظور ہونے کے بعد ملزم نے تقریبا چار کروڑ روپے ہڑپ کر لیے۔ جب ملز م کی چھاپے کے دوران گرفتاری ہوئی تو ایک اور چونکا دینے والا انکشاف سامنے آیا کہ وہ اس سے قبل بھی تقریبا 70کروڑ روپے مالیت کے جعلی ورک آرڈر کے اور ایک فراڈ میں بھی ملوث رہا ہے جو ٹریفک وارڈنز کی تقرری اور ایک ایک ہسپتال سے متعلق منصوبے کے نام پر تیار کیے گئے تھے۔ اس فراڈ اور دھوکہ دہی نے بھارت میں سرکاری نگرانی اور مالی شفافیت پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
بھارت میں مشہور کمبھ میلہ بنیادی طور پر ریاست اتر پردیش کے شہر پریاگ راج سابقہ الہ آبادمیں دریائے گنگا، جمنا اور سرسوتی کے سنگم پر لگتا ہے۔یہ 12 سال بعد منعقد ہونے والا سب سے بڑا اجتماع ہوتا ہے۔ تاہم یہ میلہ ہر 3 سال بعد چار مختلف مقامات پر باری باری منعقد ہوتا ہے جن میں اتر پردیش ، اتراکھنڈ ، مدھیہ پردیش اور ریاست مہاراشٹرشامل ہیں۔ کمبھ میلہ دنیا کا سب سے بڑا اجتماع مانا جاتا ہے جس میں کروڑوں ہندو یاتری شریک ہوتے ہیں۔KMS-10/M








