بھارتی فوج کا کرنل رشوت ستانی کے کیس میں گرفتار

نئی دہلی: بھارت کی مسلح افواج میں بڑھتی ہوئی رشوت ستانی کے دوران مرکزی تفتیشی بیورو (سی بی آئی) نے بی جے پی کے زیر اقتدارریاست مغربی بنگال میں بھارتی فوج کے ایک کرنل کو گرفتار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سی بی آئی نے کولکتہ میں ایسٹرن کمانڈ کے تحت آرمی آرڈیننس کور میں تعینات کرنل ہمانشو بالی کو مبینہ طور پر 50 لاکھ روپے رشوت کے کیس میں گرفتار کیا۔ سرکاری ذرائع نے میڈیا کو بتایا کہ کرنل کو 18 مئی کو کولکتہ میں گرفتار کیا گیا تھا اور اسے دہلی لایا جا رہا ہے۔ ہمانشوبالی پر کانپور کی ایک کمپنی کی حمایت کرنے ،ٹینڈرز کے ایوارڈ میں ہیرا پھیری کرنے ، غیر معیاری نمونوں کومنظورکرنے اور زیر التواءبلوں کی منظوری میں سہولت فراہم کرنے کا الزام ہے۔سی بی آئی نے18 مئی کو درج کی گئی اپنی ایف آئی آر میں الزام لگایا کہ کرنل نے رشوت کی بقایا رقم کی ادائیگی کے لئے صنعتکار سے رابطہ کیاجس پر تاجر نے نقدرقم میں رکاوٹوں کا حوالہ دیا ۔ بعدمیں فوجی افسر نے صنعتکار کے ڈرائیور سے رابطہ کیا اوررقم اس کے ایک ساتھی کو دینے کے لئے کہا۔50 لاکھ روپے کی رشوت کی رقم حوالا کے ذریعے منتقل کرنی تھی۔حکام نے بتایا کہ سی بی آئی نے رشوت کے کیس میں کرنل اور نجی ٹھیکیدار کے خلاف مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کر لیا۔





