سرینگر : مولوی محمد فاروق کی 36ویں برسی کے سلسلے میں سیمینار کا انعقاد
سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں ممتاز مذہبی و سیاسی رہنما اور انجمن اوقاف جامع مسجد سرینگر کے بانی میرواعظ مولوی محمد فاروق کی 36ویں برسی کی تقریبات کے سلسلے میں اسلامیہ ہائیر سیکنڈری سکول راجوری کدل میںایک سیمینار منعقد کیاگیا ۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ مولوی محمدفاروق کو نامعلوم حملہ آوروں نے21مئی 1990کونگین سرینگر میں ان کی رہائش گاہ پر شہیدکیا تھا۔” صحت مند معاشرے کیلئے ہمہ جہت تعلیم: ذہن اور جسم کی نشوونما ”کے عنوان سے سیمینار میں انجمن نصرت الاسلام کے اراکین، ماہرین تعلیم، اساتذہ اور مختلف تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات نے شرکت کی۔اس موقع پر میرواعظ عمر فاروق نے متوازن اور اقدار پر مبنی تعلیم کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسلام انسان کی ذہنی، جسمانی، اخلاقی اور روحانی نشوونما پر یکساں زور دیتا ہے۔میرواعظ مولوی محمد فاروق کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے میرواعظ نے کہا کہ ان کی پوری زندگی تعلیم، سماجی اصلاح، فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور معاشرے کی اخلاقی تربیت کیلئے وقف تھی۔ انہوں نے کہا کہ شہید رہنماء نے انجمن نصرت الاسلام کے پلیٹ فارم اور جامع مسجد سرینگر کے منبر سے معاشرے کی تعلیمی اور اخلاقی رہنمائی کیلئے گراں قدر خدمات انجام دیں۔اس موقع پر ماہنامہ نصرت الاسلام کا خصوصی شمارہ شہید ملت نمبر 2026 بھی اجرا کیا گیا۔





