مقبوضہ کشمیر: سیاسی جماعتوں ، تاجروں کا ایل او سی آر پار تجارت بحال کرنے کا مطالبہ

جموں: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں سیاسی جماعتوں اور تاجر تنظیموں نے بی جے پی کی بھارتی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اعتماد سازی کے اقدام کے طور پر کنٹرول لائن کے آر پار تجارت کو بحال کرے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بارہمولہ کے اوڑی اور پونچھ میں چکن دا باغ میں واقع دو تجارتی سہولت مراکز کے ذریعے تجارت کی سہولیات میسر تھیں۔ تاہم بی جے پی حکومت نے بعد ازاں یہ تجارتی سہولت ختم کر دی۔
قبل ازیں نیشنل کانفرنس کے رہنما ور نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری نے اوڑی کے اپنے دورے کے دوران کہا ہے کہ جموں و کشمیر میں کنٹرول لائن کے آر پار منقسم خاندانوں کو تجارت سے فائدہ ہوتا تھالہذا اسکا بحال ہونا ضروری ہے۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے کہا کہ تجارتی راستوں کو دوبارہ کھولنے کا کوئی بھی اقدام خوش آئند ہے۔ عوام سے عوام کا رابطہ ہمارا مستقل موقف ہے، ایل او سی تجارت کو بحال کیا جانا چاہیے۔پونچھ راولاکوٹ ٹریڈرز یونین کے صدر عبدالرزاق نے کہا کہ بھارتی حکومت کو بند کیے گئے تجارتی راستوں کو دوبارہ کھولنے پر غور کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی سیکورٹی خدشات ہیں تو انہیں دور کرنا متعلقہ اداروں کی ذمہ داری ہے لیکن تجارت بحال کی جانی چاہیے۔




.webp)
