بھارت کے جابرانہ قبضے کے باعث کشمیریوں کومسلسل مشکلات کا سامنا ہے: حریت کانفرنس

سرینگر:غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارت پر زور دیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل کے لیے عملی اقدامات کرے کیونکہ وہ علاقے میں حالات معمول کے مطابق ہونے کے جعلی بیانیے سے دنیا کو زیادہ دیر تک گمراہ نہیںکر سکتا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں معمول کے حالات اور امن کا براہ راست تعلق کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے سے ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی حکومت جھوٹے بیانیے اور مظلوم کشمیری عوام کی املاک کو مسمارکرکے تنازعہ کشمیر کی حقیقت کو نہیں بدل سکتی۔بیان میں کہا گیا کہ کشمیری بھارت کے جابرانہ قبضے کے باعث مسلسل مشکلات کا شکار ہیں اور بھارت ظالمانہ کارروائیوں اور کٹھ پتلیوںکے ذریعے اپنے مذموم ایجنڈے کی تکمیل میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔ ترجمان نے کشمیرکے سیاسی اورسماجی کارکنوں خاص طور پر تارکین وطن کشمیریوں پر زور دیا کہ وہ علاقے میں بھارت کے مظالم پر اپنی آواز بلند کریں۔انہوں نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اس بات کو سمجھے کہ وہ مقبوضہ جموں وکشمیرمیں حالات معمول کے مطابق ہونے کے جعلی بیانیے کو فروغ دے کر اور کشمیرکے بارے میں جھوٹ بول کر دنیا کو دھوکہ نہیں دے سکتا۔حریت ترجمان نے کہا کہ وقت آگیا ہے کہ عالمی طاقتیں حق خودارادیت کے حوالے سے کشمیریوں کے ساتھ کیے گئے وعدے کو پورا کریں اور اقوام متحدہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن کو یقینی بنانے کے لیے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔







