راجوری میں بھارتی فورسز کا آپریشن 35ویں روز بھی جاری رہا

جموں :بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں بھارتی فورسز کا آپریشن آج مسلسل 35ویں روز بھی جاری رہا۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج، سینٹرل ریزرو پولیس فورس (سی آر پی ایف) ایلیٹ کمانڈوز اور پولیس کے ہزاروںاہلکار راجوری کے گمبھیر مغلاں اور منجاکوٹ کے جنگلاتی علاقوں میں تلاشی کی کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔
بھارتی فوج کی نائٹ وائٹ کور کے جنرل آفیسر کمانڈنگ لیفٹیننٹ جنرل پی کے مشرا سمیت فوج کے کئی اعلیٰ افسروں نے راجوری ضلع میں رومیو فورس کے ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا اور ڈوریمل اور گمبھیر مغلان علاقوں سمیت مختلف مقامات پر جاری فوجی کارروائیوں کا جائزہ لیا۔
بھارتی حکام کہنا ہے کہ وسیع جنگلاتی علاقے اور خراب موسمی حالات کی وجہ سے آپریشن میں رکاوٹوں کا سامنا ہے۔طویل آپریشن کے باعث علاقے میں نظام زندگی بری طرح مفلوج ہو چکاہے اور لوگ شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
یاد رہے کہ بھارتی فوج نے دعویٰ کیا تھا کہ علاقے میں متعدد عسکریت پسند موجود ہیں تاہم ایک ماہ سے زائد کا عرصہ گزر چکا ، قابض فوج انکا سراغ لگانے میں تاحال ناکام ہے۔






