بھارت :دیوبند میں مزید چھ مساجد کو منہدم کرنے کے نوٹس جاری

سہارنپور : بی جے پی کے زیر اقتدار بھارتی ریاست اترپردیش میں سہارنپور کی انتظامیہ نے مبینہ تجاوزات کے سلسلے میں دیوبند میں مزید چھ مساجد کو 15 دن کے اندر اندر مسمار کرنے کا نوٹس جاری کیا ہے جس سے مقامی باشندوں میں تشویش پیداہوئی ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق حکام نے بتایا کہ ایک سروے میں 11 مذہبی مقامات کی نشاندہی کی گئی جن میں مساجد، مدارس اور مزارات شامل ہیں جو مبینہ طور پر سرکاری اراضی پر تعمیر کیے گئے تھے۔اب تک چھ کیسز میں نوٹس جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ پانچ دیگر زیر غور ہیں۔ انتظامیہ نے 15 دن کے اندر تعمیرات ہٹانے کی ہدایت کی ہے، ایسا نہ کرنے کی صورت میں وہ زمین پر قبضہ کر سکتی ہے۔مقامی مسلمانوں کا کہنا ہے کہ ان مساجد میں دہائیوں سے نماز اداکی جارہی ہے۔ انہوں نے اپیل کی کہ ایک ایسا حل نکالا جائے جو قانون اور مذہبی جذبات دونوں کا تحفظ کرے۔





