سونم وانگچک کی حمایت میں کارگل طلبہ کا احتجاجی مارچ
دہلی میں مظاہرین پر پولیس کی کارروائی کی مذمت

کارگل:غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر کے خطے لداخ میں کارگل کے طلبہ نے ماحولیاتی کارکن سونم وانگچک کی حمایت میں احتجاجی ریلی نکالی اور نئی دلی میں مظاہرین کے خلاف پولیس کی وحشیانہ کارروائی کی مذمت کی۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مختلف طلبہ تنظیموں کی جانب سے نکالی گئی ریلی کبڈی نالہ سے شروع ہوئی اور لال چوک کارگل پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی ۔ شرکا نے سونم وانگچک کی حمایت میں نعرے لگائے اور امتحانی پیپر لیک معاملے پر انصاف اور جوابدہی کا مطالبہ کیا۔مظاہرین نے نئی دلی میں پرامن احتجاج کرنے والے طلبہ پر پولیس کی طرف سے لاٹھی چارج اور طاقت کے وحشیانہ استعمال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اسے جمہوری آوازوں کو دبانے کی کوشش قرار دیا۔ریلی کے منتظمین نے شرکا سے پرامن رہنے کی اپیل کی اور کہا کہ انصاف، شفافیت اور احتساب کے لیے جاری جدوجہد کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔







